کراچی(خصوصی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ناظم آباد کے رہائشی نوجوان مصعب عبدالقادر کو رات کے اندھیرے میں گھر سے گرفتارکرکے لاپتہ کردینا انتہائی افسوسناک اورتشویشناک ہے‘ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا یہ عمل بنیادی انسانی حقوق اورآئین اور قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔حکومت مصعب عبدالقادر اور اس جیسے تمام لاپتہ افراد کو فی الفور رہا کرے اورعام شہریوں کے ساتھ ظلم وزیادتی کا سلسلہ بند کیاجائے۔ یہ بات انہوں نے ناظم آباد میں مصعب عبدالقادر کی والدہ اور اہل خانہ سے ملاقات میں کہی۔ اہل خانہ نے بتایا کہ مصعب کو 19اکتوبر کو رات 3بجے گھر سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار کیا اور تاحال کوئی گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی۔ رینجرز‘ پولیس اوردیگر حکام سے بار بار رابطہ کیا گیا مگرکہیں سے کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔ مصعب کی والدہ نے بتایا کہ وہ ایک محب وطن ‘ ذمہ دار شہری اوراپنے شعبے کا ماہر تعلیم یافتہ نوجوان ہے جو کبھی کسی قسم کی غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہا۔ اس کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے مصعب کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی سراسر غیرانسانی اورغیراخلاقی ہے۔ ایک ایسا ملک جس میں آج آئین اورقانون کی بالادستی کی بات کی جارہی ہے اس میں شہریوں کی شخصی آزادیوں کو پامال کرنا انتہائی مذموم عمل ہے جسے کسی صورت بھی قبول نہیں کیاجاسکتا۔ اس طرح کی ماورائے عدالت کارروائیوں سے لوگوں کے اندر تشویش اوراشتعال پیدا ہورہا ہے جسے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔