2011-12ءپندرہ میچوں میں 26 سپاٹ فکسنگ‘ پاکستانی‘ بھارتی برطانوی‘ آسٹریلوی سمیت دیگر کھلاڑی ملوث : الجزیرہ ٹی وی

Oct 22, 2018

لندن (نوائے وقت رپورٹ) انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور سپاٹ فکسنگ سکینڈل کا انکشاف ہوا ہے۔ الجزیرہ ٹی وی نے دستاویزی رپورٹ میں سپاٹ فکسنگ کے ثبوت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دعویٰ میں کہا گیا ہے 2011ءاور 2012 کے درمیان 15 انٹرنیشنل میچوں میں 26 بار میچ فکسنگ کی گئی۔ تین میچوں میں پاکستانی کرکٹر میچ فکسنگ میں شامل تھے۔ سات میچوں میں انگلینڈ، پانچ میں آسٹریلوی کرکٹر کے علاوہ دیگر ممالک کے کھلاڑی بھی شامل تھے۔ 15 میچوں میں 26 سپاٹ فکس کئے گئے۔ ویڈیو اور تصویری ثبوت میں پاکستانی کرکٹر عمر اکمل اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نظر آرہے ہیں۔ روہت شرما، بالاجی، سریش رائنا اور آسٹریلوی کرکٹر اینڈی بکل بھی تصاویر میں نظر آرہے ہیں۔ سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے تانے بانے بھارتی بکی انیل منور سے ملتے ہیں جو میچ فکس کئے گئے ان میں 6 ٹیسٹ، 6 ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز شامل تھے۔ سپاٹ فکسنگ سکینڈل پر آئی سی سی کا ردعمل سامنے آگیا۔ جنرل منیجر اینٹی کرپشن یونٹ ایلکس مارشل نے کہا ہے حالیہ سکینڈل کے الزامات کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ کرکٹ کے وقار کو ہر حال میں قائم رکھنے کیلئے کوشاں ہیں۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق 2011ءاور 2012ءکے شواہد سے انگلینڈ کے چند کھلاڑیوں پر الزام عائد کیا گیا جنہوں نے 7 میچز میں مبینہ سپاٹ فکسنگ کی۔ اس ہی عرصے میں آسٹریلوی کھلاڑیوں نے 5 پاکستانی کھلاڑیوں نے 3 جبکہ دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک میچ میں سپاٹ فکسنگ کی جس میں دونوں ٹیم کی جانب سے فکسنگ کی گئی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ان سپاٹ فکسنگ کے واقعات سے کھیل کا چند حصہ متاثر ہوا تھا اور اس سے نتائج نہیں جانے جاسکتے تھے۔ الجزیرہ کو میچ فکسر کی بھارتی بکیز کو کی گئی کالز کی ریکارڈنگ موصول ہوئی۔ جن میچز میں فکسنگ کی گئی تھی ان میں لارڈز کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلا گیا بھارت بمقابلہ انگلینڈ، کیپ ٹاﺅن میں کھیلا گیا جنوبی افریقہ بمقابلہ آسٹریلیا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں انگلینڈ کی پاکستان کے ساتھ کھیلے گئے میچز کی سیریز شامل ہے۔ 2011ءکے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ ٹیسٹ میچ اور ٹی 20 ورلڈ کپ 2012ءانگلینڈ بمقابلہ افغانستان 2011ءمیں آسٹریلیا بمقابلہ انگلینڈ ون ڈے میچ میں سپاٹ فکسنگ کی گئی۔ تحقیقات کے دورن یہ اہم بات سامنے آئی انیل منوقر کوانٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی گورننگ باڈی 8 برسوں سے جانتی ہے تاہم الجزیرہ کی جانب سے رابطہ کئے جانے پر انہوں نے منور کی تلاش کی اپیل کردی۔ انیل منور کو کھلاڑیوں میں معروف بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی کے قریب دیکھا گیا جس کی تصویر بھی الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں پیش کی تھی۔ آئی سی سی نے کہا کرکٹ میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں۔ سپاٹ فکسنگ سکینڈل کی تحقیقات کریں گے۔ الجزیرہ ٹی وی سے ثبوت مانگے ہیں۔

میچ فکسنگ

مزیدخبریں