ملتان (کرائم رپورٹر) شراب برآمدگی کیس میں گرفتار زکریا یونیورسٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر رفیق ہمڑ نے یونیورسٹی سٹاف کالونی میں الاٹ شدہ گھر بھی مشکوک اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کا مرکز ہونے کی شکایت سامنے آئی ہے۔ سٹاف کالونی میں رہائش پذیر اساتذہ کی جانب سے متعدد شکایات کے باوجود وائس چانسلر نے کارروائی نہ کی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تھانہ الپہ کی زیر حراست شراب کے مقدمہ میں ملوث زکریا یونیورسٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے ذاتی رہائش یونیورسٹی کے قریب واقع مقامی ہاؤسنگ کالونی میں رکھی ہوئی ہے مگر موصوف نے یونیورسٹی کی سٹاف کالونی میں بھی سی 5 نمبر کوٹھی الاٹ کرا رکھی ہے۔ اس بارے ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹاف کالونی میں رہائش پذیر یونیورسٹی کے متعدد اساتذہ و افسران نے وائس چانسلر کو اس حوالے سے درخواستیں دیں کہ رفیق ہمڑ کے گھر میں مشکوک محفلیں سجائی جاتی ہیں جس وجہ سے وہ پریشان ہیں مگر وائس چانسلر نے نوٹس نہیں لیا تاہم گزشتہ روز رفیق ہمڑ کی شراب سمیت گرفتاری پر یونیورسٹی میں مختلف قسم کی چہ مگوئیاں کی جارہی ہیں۔