اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) عالمی بینک اور آئی ایم ایف سربراہان نے ڈاکٹر حفیظ شیخ سے ملاقاتیں کی جس میں پاکستانی معیشت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ وزیر اعظم کے مشیر خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ اور ان کے ہمراہ پاکستانی وفد نے واشنگٹن کے دورے کے دوران عالمی بینک اور انٹر نیشنل مانٹری فنڈ کے سربراہان سے علیحدہ ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستانی معیشت میں استحکام اور ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کی کوششوں اور بالخصوص موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں معاشی اشاریوں میں ہونے والی نمایاں بہتری سے آگاہ کیا۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ اور ان کے ہمراہ پاکستانی وفد نے پہلی ملاقات میں عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر ایکسل وان ٹراٹسن برگ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی جس کے دوران مشیر خزانہ نے نئے ایم ڈی کو ان کی تعیناتی پر مبارکباد دی اور عالمی بنک کی جانب سے پاکستان کو فراہم کردہ امداد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔مشیر خزانہ نے ملاقات کے دوران پاکستان میں عالمی بنک کے منصوبوں کی تکمیل کی رفتار کو بہتر بنانے اور اس ضمن میں کیے گئے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ عالمی بنک کے منیجنگ ڈائریکٹر ایکسل وان ٹراٹسن برگ نے مشیر خزانہ کو بتایا کہ پاکستان عالمی بنک کے بڑے ترین شراکت داروں میں سے ایک ہونے کے علاوہ انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن ورلڈ بنک کی جانب سے فراہم کردہ امداد سے بھی بڑے پیمانے پر استفادہ کر رہا ہے۔ ایکسل وان ٹراٹسن برگ نے کہا کہ پاکستان کو عالمی بنک کے دستیاب وسائل کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہون نے پاکستانی حکومت کی معاشی نمو اور ترقی کی کوششوں میں عالمی بنک کی بھر پور امداد کا اعادہ کیا۔ علازہ ازیں ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور ان کے ہمراہ پاکستانی وفد نے انٹر نشینل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) کی مینجنگ ڈائرکٹر کرسٹا لینا جارجیوا اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کی جس کے دوران ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے نئی ایم ڈی کو ان کی تعیناتی پر مبارکباد دی اور انہیں پاکستان میں آئی ایم ایف پروگرام کے نفاذ پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے آئی ایم ایف کی سربراہ کو بتایا کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مثبت اشاریوں سے پاکستانی معیشت کے استحکام کے راستے پر گامزن ہونے کا عندیہ ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پرگرام کے تحت پاکستانی معیشت میں اصلاحات متعارف کروائے جانے کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ کرسٹا لینا جارجیوا نے کہا کہ آئی ایم ایف کو احساس ہے کہ معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستانی حکومت سخت فیصلے لے رہی ہے اور ان فیصلوں کو نافذ کیا جا رہا ہے۔ کرسٹا لینا جارجیوا نے حکومت پاکستان کے عزم اور لگن کی تعریف کی ۔