اسلام آباد (وقائع نگار) جج وڈیو کیس کے ملزم ناصر بٹ نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کا پاکستان میں دفتر خارجہ کی اجازت کے بغیر دستاویزات کی تصدیق سے انکار پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے جج وڈیو کیس کے اہم کردار ناصر بٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے جس میں سیکرٹری خارجہ، ہائی کمیشن لندن اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن نے دستاویزات کی تصدیق نہیں کی اور انہیں آگاہ کیا ہے کہ دفتر خارجہ کی اجازت کے بغیر دستاویزات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی ۔ درخواست گزار کے مطابق دفتر خارجہ کی اجازت ملنے یا نہ ملنے کے لیے مجھے انتظار کا کہا گیا ہے مگر تیسری مرتبہ پاکستانی ہائی کمیشن جانے پر مجھے اندر جانے کی اجازت بھی نہیں ملی۔ عدالت دفتر خارجہ کو دستاویزات کی تصدیق کے عمل میں رکاوٹ دور کرنے اوردستاویزات کی تصدیق کی اجازت دینے کے احکامات جاری کرے۔