فیصل آباد (آن لائن) سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہڑتال جاری ہے۔ ہسپتالوں کی بندش کے بعد ڈاکٹرز سڑکوں پر نکل آئے۔ جیل روڈ بلاک کرکے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ایم ٹی آئی ایکٹ واپس لینے کا مطالبہ کرتے رہے۔ آن لائن کے مطابق ینگ ڈاکٹرز کے رہنمائوں ڈاکٹر معروف وینس،ڈاکٹر عدنان،ڈاکٹر نعمان چوہدری اور دیگر کا کہنا تھا کہ حکومت کو مطالبات بھجوائے گئے تھے اور انہیں پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں واپس لینے کا کہا گیا تھا لیکن حکومت پنجاب نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت ایم ٹی آئی ایکٹ واپس لینے کیلئے سنجیدہ نہیں ہے۔ سرگودھا روڈ، جیل روڈ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لائنیں لمبی لگ گئی۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ایم ٹی آئی ایکٹ کی واپسی تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ حکومت کو بھی نوٹس لیتے ہوئے ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم کروانی چاہیے۔