حساس اداروں کیخلاف تقاریر،گلالئی اسماعیل کے ناقابل ضمانت وارنٹ برقرار

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے حساس اداروں کے خلاف تقاریر کے مقدمہ میں گلالئی اسماعیل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے اشتہار کی تعمیل درست طریقے سے نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ تفتیشی افسر نے تعمیلی رپورٹ جمع کراتے ہوئے بتایا کہ ملزمہ گلالئی اسماعیل کی طلبی کے اشتہار ملزمہ کے گھر ، اور کچہری کے باہر اور شاہراہ عام پر آویزاں کیے گئے ۔ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے ننھی فرشتہ کے قتل کے بعد مظاہروں کے دوران حساس اداروں کے خلاف تقریر کرنے کے مقدمہ پر سماعت کی ۔ پولیس کی جانب سے تعمیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی جس کے مطابق ملزمہ سے متعلق کچہری،اسکے گھر کے باہر اور شاہراہ عام پر اشتہار آویزاں کیے گئے۔ قبل ازیں ملزمہ کو تین مرتبہ طلبی کے نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔ فاضل جج نے ملزمہ کی بذریعہ اشتہار طلبی کے حکم کی تعمیل درست انداز میں نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور تھانہ شہزاد ٹاؤن کے ایس ایچ او کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی

ای پیپر دی نیشن