وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سی پیک سے جڑے خوابوں کی تعبیر کا وقت آن پہنچا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کی مخلصانہ کاوشیں رنگ لا رہی ہیں، پاکستان اور چین کے مشترکہ پاور پلانٹ کا افتتاح نہایت خوش آئند ہے، موجودہ حکومت کے شفافیت اور بدعنوانی کے خلاف عزم کے پیش نظر بیرونی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان وفاق کے دو خوبصورت گلدستے ہیں، وزیر اعظم عمران خان سندھ اور بلوچستان کی پسماندگی کو دور کرنے اور وہاں کے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے مخلصانہ کاوشیں کر رہے ہیں، بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور انشا اللہ یہ صوبہ جلد ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار ہوگا۔