اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان اور سلطنت عمان کے درمیان ’’فوجی تعاون‘‘ کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے باضابطہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس حوالے سے خصوصی تقریب مسقط میں وزارت دفاع کے احاطے میں ہوئی جس میں پاکستان کی طرف سے عمان میں پاکستانی سفیر احسن واگن اور وزارت دفاع عمان کے سیکرٹری جنرل محمد بن ناصر بن محمد الراسبطی نے معاہدے پر دستخط کئے۔ وزارت دفاع اعلامیے کے مطابق دوطرفہ فوجی تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے طے پانے والے معاہدے کا مقصد عمان اور پاکستان کے درمیان فوجی تعاون کے پہلوئوں کو ایک ایسے انداز میں مرتب کرنا ہے جس سے موجودہ تعاون کو مزید فروغ دیا جاسکے۔ یہ معاہدہ پاک۔عمان عمومی تعلقات بالخصوص فوجی تعاون کو مزید فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔