لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو جیل میں قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت کی طرف سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ان کی میڈیکل ہسٹری کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو میٹریس‘ کرسی‘ گھر کا کھانا اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے شہباز شریف کو جیل میں سہولیات کی فراہم کے لئے درخواست دائر کی گئی تھی۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں‘ انہیں قانون کے مطابق سہولتیں دی جائیں‘ کیوں کہ اس وقت شہباز شریف کو جیل میں کوئی سہولت نہیں دی جا رہی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق محکمہ داخلہ نے شہباز شریف کو جیل میں بی کلاس کی کیٹگری کی سہولتیں دینے کی منظوری دیدی۔ محکمہ داخلہ کے مطابق شہباز شریف کو الگ کمرہ ‘ بیڈ‘ ٹیبل لیمپ کی سہولتیں حاصل ہونگی۔ شہباز شریف کو جیل خانہ جات رولز 1978ء کے مطابق سہولتیں ملیں گی۔