اسلام آباد (خصوصی نمائندہ‘نمائندہ خصوصی‘ آن لائن‘ صباح نیوز‘ نوائے وقت رپورٹ) کرونا وائرس کے حملوں میں پاکستان میں ایک بار پھر سے تیزی آ گئی۔ کرونا وائرس سے مزید 19 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ا ڑھائی ماہ بعد ایک ہی روز میں اتنی ریکارڈ اموات دیکھنے میں آئی ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 692 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 24 ہزار 744 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 660 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں ایک لاکھ ایک ہزار 936، سندھ میں ایک لاکھ 42 ہزار 348، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 779، بلوچستان میں 15 ہزار 717، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 91، اسلام آباد میں 18 ہزار 309 جبکہ آزاد کشمیر میں 3 ہزار 564 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 41 لاکھ 48 ہزار 739 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔ 3 لاکھ 8 ہزار 674 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں کرونا سے ایک دن میں 19 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 692 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 319، سندھ میں 2 ہزار 587، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 265، اسلام آباد میں 199، بلوچستان میں 148، گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 84 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملک میں کرونا وائرس کے پھیلائو پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ اجلاس میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بھی این سی او سی کی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں این سی او سی نے تنبیہ کی کہ ایس او پیز پر عدم عملدرآمد کی صورت میں سخت پابندیاں دوبارہ لگ سکتی ہیں۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ملک بھر میں ایس او پیز کی شدید خلاف ورزیوں کے نتیجے میں کرونا کیسز بے تحاشا بڑھے ہیں اور اگر ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو سروسز دوبارہ بند کریں گے۔ اسد عمر نے تمام چیف سیکرٹریز کو صوبوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ اسد عمر نے کہا کہ کرونا وائرس کے کیسز کے ساتھ ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ تمام صوبے ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لے کر بھاری جرمانے عائد کریں۔ ٹرانسپورٹ، مارکیٹس، شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کی مانیٹرنگ سخت کی جائے۔ پاکستان میں تقریباً ڈھائی ماہ بعد کرونا سے ایک روز میں سب سے زیادہ 19 ہلاکتیں سامنے آ گئیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 26670 ٹیسٹ کئے گئے جن میں 660 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 19 افراد انتقال کر گئے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں تقریباً ڈھائی ماہ بعد ایک روز کے دوران کرونا سے 19 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں آخری مرتبہ 6 اگست کو ایک روز کے دوران کرونا سے 21 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 2 ہزار 319 اور سندھ میں 2ہزار 587اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پی کے میں اموات کی تعداد ایک ہزار 265، اسلام آباد میں 199، بلوچستان میں 148، گلگت بلتستان میں 90اور آزاد کشمیر میں 84ہو گئی۔ اسلام آباد میں کرونا کیسزکی تعداد 18ہزار 309ہوگئی ۔ پنجاب ایک لاکھ ایک ہزار 936، سندھ میں ایک لاکھ 42ہزار 348، خیبر پی کے میں 38ہزار 779، بلوچستان میں 15ہزار 717، گلگت بلتستان میں 4ہزار 91اور آزاد کشمیر میں 3ہزار 564 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ عالمی وبا کرونا وائرس کے سبب دنیا میں 4 کروڑ 10 لاکھ 42 ہزار 579 افراد متاثر اور 11 لاکھ 29 ہزار 591 ہلاک ہو چکے ہیں۔کرونا سے صحتیاب افراد کی تعداد 3 کروڑ 6 لاکھ 28 ہزار 417 ہو گئی ہے اور 92 لاکھ 84 ہزار 571 ایکٹیو کیسز ہیں۔ امریکہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے۔ امریکہ میں اموات کی تعداد 2 لاکھ 26 ہزار 149 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 85 لاکھ 20 ہزار 307 تک پہنچ چکی ہے۔ بھارت کرونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں کرونا سے اب تک ہونے والی اموات کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 62 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ برطانیہ میں مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 43 ہزار 967 ہو چکی ہے۔کرونا کے مریض کو دبئی ایئر پورٹ سے ڈی رپورٹ کردیا گیا جبکہ مزید چار افراد کرونا سے متاثر ہونیوالے ہسپتال پہنچ گئے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق جڑانوالہ فوارہ چوک کا رہائشی وقاص تین روز قبل پاکستان سے دبئی گیا جہاں پر دبئی ایئر پورٹ حکام کی طرف سے کرونا کی تصدیق ہونے پر ڈی پورٹ کرتے ہوئے واپس بھیج دیا۔ محکمہ صحت نے اطلاع ملنے پر فوری طور پر مذکورہ شخص وقاص اور اسکی فیملی کو گھر میں قرنطینہ کرکے ان کے سیمپل ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھجوا دیئے۔ متاثر ہونیوالے مزید چار افراد فیصل، شاہد، غلام اکبر اور ثاقب کو آئسولیشن وارڈ میں داخل کرلیا گیا۔ الائیڈ ہسپتال میں کرونا سے متاثرہ سات افراد اور پانچ مشتبہ مریض زیر علاج ہیں۔ اسلام آباد ماڈل کالج برائے طالبات (آئی ایم سی جی) آئی ٹین فور کو دو یا دو سے زائد کرونا کیسز سامنے آنے پر سیل کر دیا گیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری کرونا سے صحتیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
کرونا سے ریکارڈ19 ہلاکتیں، ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو پھر لاک ڈائون ممکن
Oct 22, 2020