لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر کرونا ٹیسٹ کیے گئے تھے جن کی رپورٹس آ گئیں، تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں جب ہ زمبابوے کے کوچز اور آفیشلز کے کرونا ٹیسٹ بھی منفی آئے ہیں۔ کرونا ٹیسٹ کے بعد زمبابوے کے کھلاڑیوں نے گزشتہ روز پریکٹس کی، تاہم 27 اکتوبرتک زمبابوے کے تمام کھلاڑی اور آفیشلز قرنطینہ میں رہیں گے۔28 اور 29 تاریخ کو زمبابوے کی ٹیم پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔دوسری طرف قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ گزشتہ روز ہوئے اور کھلاڑیوں ‘کوچنگ اور مینجمنٹ سٹاف نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں رپورٹ کی ۔قومی کھلاڑیوں کے لیے چار روزہ ٹریننگ کیمپ آج سے شروع ہوگا جس کے لیے پی سی بی نے کھلاڑیوں کو فیملیز بھی ساتھ رکھنے کی اجازت دیدی ہے۔ٹیسٹنگ کے نتائج کے بعدآج سے قومی کرکٹرز ٹریننگ کریں گے، کرکٹرز کی چار روزہ ٹریننگ قذافی سٹیڈیم میں شیڈول ہے۔ٹریننگ کیمپ کے دوران دو انٹرا سکواڈ ون ڈے میچز بھی ہوں گے، قومی سکواڈ 26 اکتوبر کو راولپنڈی پہنچے گا۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ون ڈے 30 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، دوسرا ون ڈے یکم نومبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 3 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ زمبابوین کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی ایلٹن چیگمبورا نے کہا ہے کہ گزشتہ دورے کی نسبت اس بار پاکستان آکر زیادہ پر سکون محسوس کررہے ہیں۔انہوں نے ویڈیو ویڈیو لنک پریس کانفرنس میں کہا کہ 2015 میں جو ڈر تھا وہ اب نہیں ہے، گزشتہ دورے کی نسبت اس بار پاکستان آکر زیادہ پر سکون محسوس کررہے ہیں۔ یہاں پہلے ٹریننگ سیشن میں بہت مزہ آیا، ہمارا تمام تر فوکس پاکستان کے خلاف سیریز پر ہے۔