لاہور (نیوز رپورٹر)سیلاب کے مؤثر کنٹرول اور سیلابی پانی کو ذخیرہ کرنے کے لئے واپڈا روہتاس ڈیم تعمیر کرے گا۔ یہ بات چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ) کی صدارت میں ہونے والے ایک اجلاس میں بتائی گئی۔اجلاس میں واپڈا کے سینئر آفیسرز نے شرکت کی۔اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ دوسرے آبی ذخائر کی طرح روہتاس ڈیم بھی ملک کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کرے گا جبکہ اِس منصوبے کی بدولت سیلابی پانی کو بھی ذخیرہ کیا جائے گا، جس کے ذریعے اضافی زمین زیر کاشت لائی جاسکے گی۔اْنہوں نے متعلقہ آفیسرز کو ہدایت کی کہ اِس ڈیم کی تعمیر سے متعلق تمام سٹڈیزاور دیگر امور ترجیحی طور پر مکمل کئے جائیں۔ چیئرمین واپڈا نے ملک میں پانی کے وسائل سے بھر پور استفادہ کرنے کے لئے واپڈا کی کثیر جہتی حکمت عملی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اِس وقت ملک میں پانی کے متعدد منصوبے زیر تعمیر ہیں اور اِن پر تعمیراتی کام کی پیش رفت تسلی بخش ہے۔ اِن زیر تعمیر منصوبوں میں مہمند ڈیم، دیا مر بھاشا ڈیم، کرم تنگی ڈیم (سٹیج۔ون) اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ (سٹیج۔ون)شامل ہیں۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ روہتاس ڈیم کی سائٹ ضلع جہلم میں دینہ شہر سے ساڑھے 7 کلو میٹر جنوبی سمت دریائے جہلم کے معاون دریائے کاہان پر روہتاس فورٹ کے قریب واقع ہے۔ منصوبے کے بنیادی مقاصد میں سیلاب پر قابو پانا، سیلاب کے پانی کو ذخیرہ کرنا اور کم لاگت پن بجلی کی پیداوار شامل ہیں۔ منگلا ریزر وائر سے ایک لنک چینل کے ذریعے اضافی اور سیلابی پانی کو روہتاس ڈیم تک منتقل کیا جائے گا۔ پراجیکٹ سٹڈیز کے مطابق اِس ڈیم میں دو سے تین ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا جبکہ منصوبے کی بدولت 100 میگاواٹ سستی پن بجلی بھی پیدا ہوگی۔