لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر قانون ،پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے تھانہ کلچر میں تبدیلی کے لیے نمایاں اقدامات کیے ہیں۔ وہ آج اپنی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں محکمہ پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے بریفنگ دی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ ،سیکریٹری پراسیکیوشن اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ راجہ بشارت نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ویژن کے مطابق جنوبی پنجاب میں ایڈیشنل آئی جی کے دفتر کا قیام پنجاب حکومت کا اہم کارنامہ ہے جس سے جنوبی پنجاب کے عوام کو لاہور کے طویل سفر سے نجات مل گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین کو ڈیلی فکسڈ الاؤنس اور ایگزیکٹو الاؤنس کے اجراء سے ان کی تنخواہیں کافی بڑھ گئی ہیں۔ وزیر قانون نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود پنجاب پولیس کو 568 نئی گاڑیاں فراہم کی گئیں، 7تھانوں کی عمارتوں کے لیے سرکاری زمین الاٹ کی گئی جبکہ 37 تھانوں کی عمارتوں کی تکمیل کے لیے اضافی فنڈز فراہم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیشی نظام کی بہتری کے لیے 14 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز دیے گئے جبکہ نفری کی کمی پوری کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ نیمزید 6829 خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری بھی دے دی ہے۔