چنیوٹ: 2 روزہ ختم نبوت کانفرنس آج سے شروع‘ ملک بھر  سے قافلوں کی آمد‘  بازار سج گئے 

Oct 22, 2020

لاہور‘ چنیوٹ (خصوصی نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام آل پاکستان 39 ویں دو روزہ سالانہ ختم نبوت کانفرنس مسلم کالونی میں آج 22 اکتوبر سے  ہوگی۔ ملک بھر سے کارکنان ختم نبوت کے قافلوں کی آمد سے فضاء اﷲ اکبر اور تاجدار ختم نبوت زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ ختم نبوت کے رضا کاروں نے پنڈال کے چاروں اطراف میں سکیورٹی کے تمام تر انتظامات سنبھالے ہوئے ہیں۔  مرکزی مبلغ مولانا غلام مصطفیٰ  کے  مطابق شرکاء کو سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی اور واک تھرو گیٹس سے گزار کر جامہ تلاشی کے بعد پنڈال جانے کی اجازت ہو گی۔ مختلف علاقوں سے آئے ہوئے اسلامیان پاکستان درود شریف کا ورد کرتے ہوئے پنڈال میں داخل ہورہے ہیں۔ مرکزی رہنمائوں مولانا عزیز الرحمٰن جالندھری، مولانا اللہ وسایا اور مولانا غلام مصطفی نے کانفرنس کے تفصیلی شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کی پانچ نشستیں ہوں گی۔ مختلف نشستوں کی صدارت مولانا سید سلمان بنوری، مولانا پیر حافظ ناصر الدین خاکوانی، صاحبزادہ عزیز احمد، صاحبزادہ خلیل احمد خانقاہ سراجیہ کندیاں، مولانا سید جاوید حسین شاہ، مولانا قاری محمد یاسین فیصل آباد، مولانا سعید یوسف پلندری، صوفی محمد دین گوجرہ، مولانامفتی شہاب الدین موسی زئی شریف، مولانا پیر عزیز الرحمن ہزاروی، مولانا محب اللہ لورالائی، مولانا مفتی محمد حسن، مولانا فضل محمد، پیر رضوان نفیس، مولانا عبدالمجیب بیر شریف اور دیگر مشائخ عظام فرمائیںگے۔  آج 22۔اکتوبر کی صبح کو عالمی مجلس لاہور کے امیر مولانا مفتی محمد حسن کے درس قرآن سے کانفرنس کا آغاز ہوچکا ہے۔ کانفرنس کی پہلی نشست صبح دس بجے نائب امیر مرکزیہ صاحبزادہ خواجہ عزیز احمدکے افتتاحی بیان اور صاحبزادہ خلیل احمد کی دعا سے شروع ہوگی۔

مزیدخبریں