سابق جج کیساتھ جھگڑا،ہائیکورٹ نے ملزم کی ضمانت بعدازگرفتاری منظورکرلی

اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے معطل ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کے ساتھ ایم پی اے خاتون کے شوہر کے جھگڑا کیس میں شریک ملزم بلال عباسی کی50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظورکرلی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پولیس یونیفارم کی بڑی عزت ہے اس کو Undermine نہ کریں،سرکاری وکیل نے کہاکہ مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے،چیف جسٹس نے پولیس حکام سے کہاکہ ریڈزون میں واقعہ ہوا اصل ملزم کو آپ نے تھانے سے ہی چھوڑ دیا تھا، عدالت نے استفسارکیاکہ ابھی آئی جی صاحب نے کس کے خلاف کاروائی شروع کی،جس پر ایس ایچ او نے کہاکہ ملزم بلال عباسی جھگڑے کے دوران جج کو مارنے والے میں شامل تھا، چیف جسٹس نے کہاکہ کیا آپ وہ جھگڑے والی ویڈیو عدالت کو دکھا سکتے ہیں،ایس ایچ او نے کہاکہ ابھی ہمارے پاس نہیں ہے تھانے میں پڑی ہوئی ہے،عدالت نے کہاکہ بار بار یہ کورٹ کہہ رہی ہے کہ اس شہر میں رول آف لا نہیں ہے،جو طاقتور ملزم تھا اس کو پولیس نے تھانے سے ہی چھوڑ دیا تھا، عدالت نے مذکورہ بالا حکم سنادیا۔ادھرایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان اور ایم پی اے کے شوہر کے درمیان لڑائی کا کیس میں پولیس مرکزی ملزم ایم پی اے عابدہ راجہ کے شوہر چوہدری خرم کو گرفتار کرکے مقامی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے ملزم چوہدری خرم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا، ملزم کی گرفتاری اور عدالت پیشی کو انتہائی خفیہ رکھا گیا۔

ای پیپر دی نیشن