بھارتی پراپیگنڈے کا اہم ہدف چیئرمین سی پیک اتھارٹی ہیں:پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ

اسلام آباد: پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے مطابق بھارتی پراپیگنڈے کا اہم ہدف چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ ہیں۔

اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے مطابق بھارت پاکستان کے خلاف پراپیگنڈے میں سال 2018 کے عام انتخابات کے بعد ڈیجیٹل میڈیا  پر سرگرم ہے۔

ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے مطابق بھارت کی طرف سے سوشل میڈیا پر پاک فوج، کشمیر اور سی پیک کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ بھارتی پراپیگنڈے  کا اہم ہدف چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ ہیں اور اس پراپیگنڈے کا مقصد سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنا ہے۔

ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ حسین ندیم کے مطابق بھارت وزیر اعظم عمران خان کے خلاف بھی پراپیگنڈے کر رہا ہے اور پاکستان کے حالات بڑھا چڑھا کر پیش کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت جعلی آئی ڈیز سے فرقہ وارانہ فسادات بھی پھیلا رہا ہے۔آئی پیز چیک کرنے کے بعد معلوم ہوا کہ آئی ڈیز بھارت سے رجسٹرڈ ہوتی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز انتہا پسند بھارتی مودی سرکار کے آلہ کار بھارتی میڈیا کا بھونڈا پروپیگنڈا پکڑا گیا، کراچی میں عمارت میں ہونے والے گیس دھماکے کی خبروں کو اداروں کے درمیان بڑی لڑائی قرار دیا تاہم سوشل میڈیا کے صارفین نے آئینہ دکھا دیا۔

بھارتی میڈیا نے جھوٹ اور منفی پراپیگنڈے میں اپنی ہی حکومت کو پیچھے چھوڑ دیا۔ پاکستان مخالف بے بنیاد، جعلی اور منفی خبروں کو پر لگا دیے۔ ایسے جھوٹ اور افسانے گھڑے کہ سوشل میڈیا صارفین کے آپریشن کے بعد بھارتی میڈیا کی اصلیت پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو گئی۔

سوشل میڈیا صارفین نے ایسی طبیعت صاف کی کہ بھارتی میڈیا اپنا ہی منہ چھپاتا نظر آیا۔ بھارتی میڈیا کی جگ ہنسائی کے بعد جگ رسوائی بھی ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن