پاکستان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان یا آزادجموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔یہ بات دفترخارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے آج اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دورا ن ایک سوال کے جواب میں کہی۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی قیادت کو پاکستانی قوم کے عزم و حوصلے اور ہماری بہادر مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو معمولی نہیں سمجھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے مذموم عزائم کے خلاف مکمل طور پر متحد ہے۔زاہد حفیظ نے کہا ہے کہ ہمارا بھارت کو مشورہ ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے جموں و کشمیر کے مسئلے سمیت اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تمام تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرے۔ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ ہم نے بھارت کےبڑے میڈیاچینلزاورسوشل میڈیا کو پاکستان کے خلاف جھوٹی اور من گھڑت خبریں اور پراپیگنڈہ کرتے دیکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت غیرقانونی طور پر اپنے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور اقلیتوں کے خلاف پالیسیوں کے تسلسل اور پراپیگنڈے کے ذریعے سچائی کو چھپا نہیں سکتا۔