اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے نومبر اور دسمبر میں احتجاج کا وتیرہ بنا لیا۔ سیاسی مخالفین جمعہ جمعہ کھیل رہے ہیں۔ کل کا احتجاج بتا رہا تھا سکون ڈاٹ کام ہے۔ اپوزیشن نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو ایکشن ہوگا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پولیس لائنز اسلام آباد میں پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ اور ائر پورٹل یونٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنی مدت پوری کریں گے۔ عمران خان کی قیادت میں مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کریں گے۔ فرانس کے سفیر کو نکالنے کا مطلب یورپی یونین سے تعلقات خراب کرنا ہے۔ قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کیا گیا تو کوئی ایکشن نہیں لیں گے۔ کالعدم ٹی ایل پی کے مطالبے پر فرانسیسی سفیر کو ملک سے نہیں نکال سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اور اس بات کی خوشی ہے کہ پی ڈی ایم نے احتجاج کے لئے میرے شہر کا انتخاب کیا۔ انہیں کہتا ہوں کہ بڑے شوق سے احتجاج کریں اور قانون کو ہاتھ میں نہ لیں تو کوئی مسئلہ بھی نہیں ہوگا۔ اپوزیشن اگر انتخابات سے قبل انارکی پھیلائے گی تو خود اپنے لیے گڑھا کھودے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اس ملک میں جمہوری سیاسی آزادی ہے۔ ختم نبوت کا مجھ سے بڑا کوئی سپاہی نہیں، فرانسیسی سفیر کو نکالنے کا مطلب ہے کہ ہم یورپی یونین سے دور ہوجائیں گے۔ ٹی ایل پی ہو یا پی ڈی ایم، قانون کو ہاتھ میں نہ لیا تو کچھ نہیں کریں گے اور اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون اسے ہاتھ میں لے گا۔ ملک کو اس وقت فیٹف، سمیت دیگر مسائل لاحق ہیں۔ تمام مسائل پر قابو پائیں گے۔ کوئی یہ سمجھ رہا ہے کہ عمران خان کی مسائل پر نظر نہیں، تو یہ بالکل غلط ہے۔ عمران خان کی تمام صورتحال پر نظر ہے۔ کوشش یہی ہے کہ ہم اپنے مقاصد کو حاصل کریں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انتخابات آتے ہی بہت سے نئے اتحاد سامنے آئیں گے۔ ن لیگ دو حصوں میں تقسیم ہے اور الیکشن سے پہلے تیسری ن لیگ بھی وجود میں آنے کی توقع ہے۔ امریکی ناظم الامور کو بھی پتہ ہے ‘ن’ اور’ش’ الگ الگ ہیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اجلاس بھی ہوا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی پولیس افسران نے شرکت کی۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ جڑواں شہروں میںامن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔