اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے اپنے دورے کے دوران اسرانی اور خیرپور ٹامیوالی میں ہونے والی فوجی مشقوں کا بھی معائنہ کیا۔ پیشہ ورانہ تربیت کے حصول میں مصروف پاک فوج کے دستوں نے جنگی مشقوں کا مظاہرہ کیا جس میں جارحانہ حملے بھی شامل تھے۔ آرمی چیف نے خیر پور ٹامیوالی فائرنگ رینج میں مختلف ہتھیاروں کی فائرنگ بھی دیکھی۔ مشقوں میں آرٹلری، ایئر ڈیفنس، اے ٹی جی ایمز اور پاک فضائیہ کے دستوں نے بھی شرکت کی۔ آرمی چیف نے تربیت کے اعلی معیار اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمارے دشمنوں کے مذموم ارادوں اور سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ابھرتے ہوئے خطرات اور چیلنجوں کے مطابق عسکری تربیت کا حصول ناگزیر ہے۔ آرمی چیف نے زور دیا کہ پاک فوج علاقائی سالمیت اور پاکستان کی خودمختاری کا ہر طرح سے دفاع کرنے کے لیے تیار ہے۔ قبل ازیں بہاولپور آمد پر کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کیلئے چیلنجز سے نمٹنے کی تربیت ضروری ہے۔ پاک فوج داخلی سالمیت و ملکی سلامتی کیلئے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آرمی چیف نے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے ابھرتے خطرات، چیلنجز کے مطابق تربیت پر زور دیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کے دفاع کیلئے تیار ہے۔ پاک فوج وطن کی جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کیلئے تیار ہے۔ پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کا دفاع یقینی بنائیں گے۔