لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈالر 174روپے سے تجاوز کر چکا جبکہ سونے کی قیمت بھی ایک لاکھ 22ہزار روپے فی تولہ ہو گئی ہے۔ غریب عوام جو دو وقت کی روٹی باعزت کما نہیں سکتے، ان کے لیے بیٹیوں کی شادی بیاہ کے موقع پر زیورات بنانا بھی ممکن نہیں رہا۔ مہنگائی نے عوام کو خودکشی پر مجبور کر دیا ہے ۔ مہنگائی کے خلاف آج نمازجمعہ کے بعد لاہور سمیت پورے صوبے میں بھر پور احتجاجی مظاہرے کریںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عملاً غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ایک طرف عوام بد حال ہیں جبکہ دوسری طرف حکمران بڑے قابل فخر انداز قوم کو یہ بھی نوید سنارہے ہیں کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب ہو نگے۔جو وزیر اعظم عمران خان آئی ایم ایف کے پاس جانے کی بجائے خود کشی کو ترجیح دینے کی باتیں کرتے تھے ، آج وہی آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے کشکول لیے پھرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معروف بین الاقوامی جریدے ’’ دی اکانومسٹ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کے چوتھا مہنگا ترین ملک بن چکا ہے۔