بھارت نے سرجیکل سٹرا ئیکس کی غلطی دہرائی تو ناقابل فراموش سبق سکھائیں گے،رحمان ملک

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) سابق وزیر داخلہ اور چیئرمین انسٹی ٹیوٹ آف ریسرچ اینڈ ریفارمز (آئی آر آر) سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ بھارت نے  سرجیکل سٹرا ئیکس کی غلطی دہرائی تو ناقابل فراموش سبق سکھائیں گے۔ پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کو ان کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور بچگانہ بیان پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس میں انہوں نے پاکستان کو سرجیکل سٹرائیکس کی دھمکی دی ہے۔جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رحمان ملک نے اس بات کا اظہار کیا کہ اگر اس بار بھارت نے سرجیکل اسٹرائیکس کی اپنی غلطی دہرائی تو پاکستان ان کے پائلٹ کو چائے کے ساتھ نہیں بلکہ بھارت کو ایک مثالی سبق سکھانے کے لیے ہوا میں گولی سے اڑا دے گا تاکہ آئندہ نہ امیت شاہ اور نہ ہی کوئی اور پاکستان کو دھمکی دینے کی جرات کر سکے۔انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کے بیان سے اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ بھارت ٹی ٹی پی اور داعش کی حمایت اور مالی معاونت کر رہا ہے اور پاک افغان سرحدوں پر ٹی ٹی پی اور داعش کے حالیہ دہشت گرد حملوں کے پیچھے بھارت ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ داسو ہائیڈرو پاور پلانٹ کے چینی انجینئروں پر حملہ پاکستان اور چین کے خلاف داعش ٹی ٹی پی داعش کے گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت اپنی جارحیت کو نہیں روکتا ہے تو اسے جوابی کارروائی کے لیے تیار رہنا چاہیے جو  زیادہ سخت ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی کمان میں پاکستان کی مسلح افواج بالخصوص پاک فوج بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے اور روکنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔رحمان ملک نے مزید کہا کہ پاکستان تین دہائیوں سے زائد عرصے سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے جس نے معیشت پر بھاری بوجھ ڈالا ہے اور افغان جنگ میں 80 ہزار سے زائد فوجیوں اور عام شہریوں کی بھاری انسانی جانوں کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو توقع ہے کہ افغان حکومت پاکستان اور پاکستان مخالف دہشت گرد گروہوں تحریک طالبان ، داعش اور دیگر کے بارے میں اپنی واضح پالیسی کا اعلان کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن