کالعدم ٹی ایل پی مطالبات منظور نہ ہونے پر آج اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان 

Oct 22, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) کالعدم ٹی ایل پی نے حکومت کو مطالبات کی منظوری کیلئے آج نماز جمعہ تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے بصورت دیگر تین بجے سہ پہر اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کردیا ہے۔ اسلام آباد جانے کے لئے روٹ کون سا اپنایا جائے گا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔  ٹی ایل پی کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم کی مجلس شوریٰ کے ارکان سید سرور حسین شاہ سیفی، غلام عباس فیضی، مفتی عمیرالاظہری، علامہ انس، رکن سندھ اسمبلی مفتی قاسم فخری مارچ کی قیادت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں دعا کے ساتھ دھرنے کے اختتام کا اعلان کردیا جائے گا۔ تحریک لبیک پاکستان کے ذرائع کے مطابق فی الحال مرکز کے علاوہ ملک بھر میں کہیں کوئی دھرنا نہیں ہے۔ اس سوال پر کہ اسلام آباد پہنچ کر کس مقام پر دھرنا دیا جائے گا؟۔ ٹی ایل پی کے ذمہ دارکا مسکراتے ہوئے کہنا تھا جہاں تک پہنچنے دیا گیا۔ دوسری طرف مسجد رحمت للعالمین ملتان روڈ کے باہر دھرنے کی وجہ سے چوک یتیم خانہ، ملتان روڈ سکیم موڑ سے علامہ اقبال ٹاؤن کا راستہ بند ہے، چوک یتیم خانے سے موڑ سمن آباد اور پھر ایل او ایس تک جگہ جگہ کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں۔ چوک یتیم خانے سے شیراکوٹ انٹرچینج سے ملتان روڈ کا راستہ بند ہے۔ اسی لئے سبزہ زار کے راستے کھاڑک ملتان روڈ پر لوگ جارہے ہیں۔ تاہم نیازی چوک سے انٹرچینج تک آمدورفت میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ دریں اثناء دھرنے کے باعث کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ جبکہ لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے سمن آباد، شیرا کوٹ، نواں کوٹ، گلشن راوی، سبزہ زار اور اقبال ٹاؤن میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی، جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پولیس کی طرف سے واٹر کینن گاڑیاں، اینٹی رائٹ فورس، بڑی تعداد میں گیس شیل اور سپیشل فورسز کے دستے بھی خصوصی طور پر سٹینڈ بائی ہیں۔ دھرنے کے باعث کالی کوٹھی اقبال ٹاؤن، سکیم موڑ، سوڈیوال، نیازی اڈہ اور سمن آباد موڑ سے راستوں کو خاردار تاروں اور کنٹینرز کی مدد سے سیل کر دیا گیا ہے۔ دھرنے کے باعث متعدد سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا اور لوگوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا ہے۔ دیگر اضلاع سے بھی  پولیس کی نفری لاہور پہنچ چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ روکنے کے لئے پولیس کی طرف سے سخت آپریشن اور دھرنے کے شرکاء کو گرفتار کیا جاسکتا ہے۔
اسلام آباد(خبر نگار)کالعدم تنظیم تحریک لبیک(ٹی ایل پی)کے لاہور سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا معاملے پر اسلام آباد کی انتظامیہ متحرک ہوگئی ہے ممکنہ احتجاج سے روکنے کیلئے اسلام آباد پولیس نے ٹی ایل پی کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا زرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے ٹی ایل پی کے 24کارکنان کو گرفتار کرلیا تھانہ سیکریٹریٹ پولیس نے 9، تھانہ گولڑہ پولیس نے4، اور تھانہ کورال نے 2کارکنان کو گرفتار کیاتھانہ بنی گالہ پولیس  نے3، رمنا نے 2 ، سہالہ 2، اور لوہی بھیر پولیس نے بھی 2کارکنان کو گرفتار کیا۔واضح رہے کہ لادوم تنظم کی جانب سے آج جمعہ کے روز لاہور سے اسلام آباد کیطرف لانگ مارچ کی کال دی گئی تھی۔

مزیدخبریں