حماد اظہر کا برطانوی وزیر توانائی اورماحولیاتی  تبدیلی گریگ ہینڈز سے ویڈیو لنک  رابطہ

Oct 22, 2021

اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر محمدحماد اظہر کا برطانوی وزیر توانائی اور ماحولیاتی تبدیلی گریگ ہینڈز سے جمعرات کو ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر نے پاکستان کے کلین اور گرین انرجی کے اقدامات سے آگاہ کر تے ہوے بتایا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کی روک تھام میں گلوبل چیمپین کا کردار ادا کر رہا ہے اور اس سلسلے میں  پاکستان نے درآمدی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں پر مکمل پابندی  عائد کردی اور مستقبل میں توانائی کے تمام منصوبوں کو قابل  تجدید اور پن بجلی سے لگانے کے اقدامات کر رکھے ہیں۔ وفاقی وزیر نے اپنے ہم منصب کو آگاہ کیا کہ سال 2030میں پاکستان کی 80فیصد توانائی  صاف ذرائع  سے پیدا ہو گی جس میں کوئلے کے تناسب کو 6فیصد تک محدود کیا جا رہاہے۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے بتایا پاکستان کی 10 بلین درخت لگانے کی مہم کو عالمی سطح پر بہت پزیرائی حاصل ہوئی ہے ۔ برطانیہ کے وزیر برائے توانائی و موسمیاتی تبدیلی گریگ ہینڈز نے پاکستان کے انرجی ٹرانزیشن کے اقدامات کو سراہتے ہو کہا کہ پاکستان گلاسگو میں ہونے والے ماحولیاتی تبدیلی پر کانفرنس COP26میں شرکت کرکے  دیگر ممالک کو  انرجی ٹرانزیشن کے قابل تحسین اقدامات سے آگاہ کرے۔  وفاقی وزیر نے ماحولیاتی تبدیلی کی کانفرنس میں پاکستان کی بھرپورشرکت کا عندیہ دیا۔

مزیدخبریں