آپ  ﷺ نے انسان کو صراط مستقیم پر گامزن کیا۔ حاجی اشرف قادری

کراچی(نیوز رپورٹر)قادری اینڈ قریشی فائونڈیشن کے چیئرمین اور ممتاز اسلامی اسکالر حاجی محمد اشرف قادری نے جشن عید میلاد النبی  ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ سرور کائنات حضرت محمد مصطفی  ﷺ نے دنیائے انسانیت کو اس کا حقیقی مقام عطا کیا، اس کی عزت و آبرو کو بحال کیا۔ احترام انسانیت کا درس عام کیا۔ ظلم و جبر، طبقاتی تقسیم اور غلامی کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے انسانوں کو حریت، عزت و وقار اور مساوات کا پیغام دیا۔ آپ  ﷺ نے اسے بتایا کہ تیری حرمت کعبے سے افضل ہے۔ تو زمین پر اللہ کا نائب اور اس کا خلیفہ ہے تو مسجود ملائک اور اشرف المخلوقات ہے یہ دنیا یہ کائنات اور قدرت کے یہ مناظر تیرے لیے ہیں اور تو اپنے پروردگار کی بندگی کے لئے بھیجا گیا ہے اس طرح آپ  ﷺ نے انسان کو انسان کی غلامی سے نکال کر اسے اللہ کی بندگی اور صراط مستقیم پر گامزن کیا۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ وہ انسان جو لاعلمی اور خود فریبی کی بناء پر پہلے مٹی کے بتوں کے سامنے سجدہ ریز ہوتا تھا، بعد ازاں پہاڑ اس کی ہیبت سے رائی بنے، جو انسان پتھر کی مورتیوں اور انجانی قوتوں کے خوف سے جاں بلب تھا، صحرا اور دریا اس کی ٹھوکر سے دو نیم ہوئے۔ یہ عالم انسانیت پر حضرت محمد مصطفی  ﷺ کے وہ احسانات ہیں جنہیں تاریخ انسانیت کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ آپ  ﷺ ایسا دین لائے جو صراط مستقیم اور دین و دنیا کی کامیابی و سرفرازی کا راستہ ہے۔ ایسا روشن راستہ جس میں کہیں ظلمت اور تاریکی کا گزر نہیں اور یہی راستہ انسانیت کی فلاح اور نجات کا ضامن ہے۔ اس کا تقاضا یہ ہے کہ دنیا بلا تفریق مذہب و ملت آپ  ﷺ کو اپنا ہادی و رہبر اور محسن تسلیم کرے۔ عظمت مصطفی  ﷺ کے تقاضے پورے کرے۔ آپ  ﷺ کی عظمت و ناموس اور شرف و بزرگی کو سمجھے۔ دنیائے انسانیت پر یہ لازم ہے کہ آپ  ﷺ کی عزت و توقیر اور تکریم کو اپنا انسانی اور اخلاقی فریضہ تسلیم کرتے ہوئے آپ  ﷺ کی عظمت کا اعتراف کرے یہ انسانیت پر ایک ایسا قرض ہے جو اس پر ہمیشہ رہے گا۔ آپ  ﷺبنی نوع آدم اور پورے عالم انس و جن کے لیے ہادی اعظم اور خاتم الانبیاء بنا کر مبعوث فرمائے گئے۔ آپ  ﷺ پر دین کی تکمیل کردی گئی۔ آپ  ﷺ پوری انسانیت کے بشیر و نذیر اور نجات دہندہ ہیں، قرآن کریم میں اس حوالے سے ارشاد فرمایا گیا:"اور ہم نے آپ  ﷺ کو تمام انسانوں کے لیے خوشخبری سنانے والا اور آگاہ کرنے والا بنا کر بھیجا ہیـ"

ای پیپر دی نیشن