کراچی (اسپورٹس ڈیسک ) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ نے عمان کو اور بنگلہ دیش نے پاپوا نیوگنی کو شکست دے کر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے پہلے مرحلے میں اسکاٹ لینڈ نے عمان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔جمعرات کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 20 اوورز میں 122 رنز بناکر آ ؤٹ ہوگئی۔عمان کی جانب سے عاقب الیاس نے 37 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ کپتان ذیشان مقصود نے 34 اور محمد ندیم نے 25 رنز بنائے۔اسکاٹ لینڈ کے جوش ڈیوی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اسکاٹ لینڈ نے 123 رنز کا ہدف با آسانی 17 اوورز میں 2 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔اسکاٹ لینڈ کی جانب سے کپتان کائل کوٹزر 41 اور رچی برنگٹن 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔واضح رہے کہ گروپ بی میں شامل اسکاٹ لینڈ نے اپنے تینوں میچز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی اوریوں وہ اگلے مرحلے میں گروپ 2 میں شامل ہوگیا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر 12 میں جگہ بنانے کیلئے 8 ٹیمیں دو گروپوں میں تقسیم ہیں جبکہ ہرگروپ سے 2 ،2 ٹیموں نے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنا ہے۔خیال رہے کہ اب تک گروپ اے سے سری لنکا جبکہ گروپ بی سے بنگلادیش اور اسکاٹ لینڈ نے سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ قبل ازیں پہلے مرحلے میں بنگلادیش نے پاپوا نیوگنی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 84 رنز سے شکست دیکر سپر 12 مرحلے میں پہنچ گیا ۔مسقط میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور صفر پر پہلی وکٹ گرنے کے باوجود مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز اسکور کیے۔بنگلا دیش کی جانب سے محمود اللہ نے سب سے زیادہ 50 رنز بنائے جب کہ شکیب الحسن 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔پاپوا نیوگنی کی جانب سے کابووا موریا، ڈیمئن راوو اور کپتان اسد والا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ سائمن اٹائی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔182 رنز کے تعاقب میں پاپوا نیوگنی کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 97 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں بنگلادیش نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سْپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ پاپوا نیوگنی کا کوئی بھی بیٹمسین بنگلادیشی بولرز کا سامنا نہ کر سکا اور اس کے 9 بیٹسمین ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ پاپوا نیوگنی کے کپلن دوریگا 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔بنگلادیش کی جانب سے شکیب الحسن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد سیف الدین اور تسکین احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی