کراچی (نیوزرپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ تجاوزات کے آپریشن سے متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کے لئے کے ایم سی نے مختلف مقامات پر زمین مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بہت جلد ان متاثرین کو جگہیں فراہم کی جائیں گی اور آبادکاری کا عمل مکمل کیا جائے گا، یہ بات انہوں نے آبادکاری اور بحالی کے موضوع پر بین الاقوامی تجربات کے اشتراک کے موضوع پر کلک آفس میں منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی،ورکشاپ کا اہتمام سول سوسائٹی، ورلڈ بینک اور حکومت سندھ کے تعاون سے کیا گیا تھا، میٹروپولیٹن کمشنر سید افضل زیدی، مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈمنسٹریٹرز اور میونسپل کمشنرز بھی اس موقع پر موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آف پاکستان کے احکامات کے تحت تجاوزات ہٹانے کا عمل جاری ہے اور جو لوگ اس سے متاثر ہو رہے ہیں انہیں متبادل جگہ فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا اور لینڈ مافیا کے خلاف بھی کے ایم سی اقدامات کر رہی ہے اور آئندہ کے لئے ایسا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا کہ وہ مقامات جو خالی کرائے گئے ہیں وہاں پر دوبارہ قبضہ نہ ہو اور شہر کے دیگر مقامات بھی ان مافیاز سے محفوظ رہیں، انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک مختلف منصوبوں کے لئے فنڈز فراہم کر رہا ہے جس سے کراچی کے کئی منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں، ان منصوبوں میں سڑکوں کی تعمیر، فلائی اوورز اور پلوں کے ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی، کلفٹن میں واقع مچھلی گھر کی تعمیر اور دیگر شامل ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ سول سوسائٹی کسی بھی معاشرے کی بہتری کے لئے نمایاں کردار ادا کرتی ہے اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے میں درخواست کرتا ہوں کہ وہ ہماری رہنمائی کریں اور شہر کی بہتری،ترقی اور امیج بلڈنگ کے لئے تجاویز دیں تاکہ کراچی شہر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے قدیم ورثے کو بھی محفوظ کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ کراچی اس وقت قدیم روایات اور جدید سہولیات کے سنگم پر ہے اور دنیا کے تجربات سے مستفیض ہو رہی ہے،شہر کی بہتری، ترقی اور منصوبوں کی کامیاب تکمیل مختلف اداروں کے تعاون سے ہی ممکن ہے، بلدیہ عظمی کراچی کے زیر انتظام شہر میں کئی منصوبوں پر کام جاری ہے جس کے شہر پر مثبت اثرات جلد نمایاں ہوں گے۔
تجاوزات متاثرین کو متبادل جگہیں فراہم کی جا ئینگی، ایڈمنسٹر یٹر کراچی
Oct 22, 2021