شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) پیپلز پارٹی کے سٹی صدر و ٹکٹ ہولڈر صوبائی اسمبلی سید ندیم عباس کاظمی نے کہا ہے کہ پاکستان میں غریب سے جینے کا حق چھین لیا گیا ہے، بیرونی ایما پر گرانی کا عذاب قوم پر بڑھایا جارہا ہے، ہوشربا مہنگائی ،پٹرول ، بجلی، گیس کی گرانی، آٹا،دال، چاول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا آسمان سے باتیں کرناریاستی نظام کی توہین اور کھلی عوام دشمنی ہے، اپنے ایک بیان میں سید ندیم عباس کاظمی نے کہا کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر اقتدار حاصل کرنیوالے حکمران مغرب نواز اور عالمی مالیاتی اداروں کے ایجنٹ ثابت ہوئے ہیں جو بیرونی ایجنڈا کی تکمیل کی راہ پر گامزن ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک اورقوم کی تقدیر بدلنے کیلئے ہمیں اپنے اسلاف کی تعلیمات کی طرف لوٹنا ہوگا ، قوم جتنی جلدی موجودہ حکمرانوں سے نجات پالے گی اتنا اسے پریشانیوں اور درپیش مسائل سے جلد نجات حاصل ہو جائے گی آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہے جو نااہل حکمرانوں سے نجات کی خاطر جاری جدوجہد میں ہر اول دستے کا کردار ادا کررہی ہے۔
آئے روز مہنگائی میں اضافہ عوام دشمنی ہے:ندیم عباس کاظمی
Oct 22, 2021