’’سمیڈا‘‘ ،پی ٹی ڈی سی کے اشتراک سے فیسٹول آف نارتھ کا آغاز 


 لاہور(کامرس رپورٹر )سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ’’سمیڈا‘‘ اور پاکستان ٹوارزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے اشتراک سے فیسٹول آف نارتھ کا آغاز ہو گیا ہے جو کہ سیاحت کے شعبہ سے وابستہ ایس ایم ایز کے فروغ کا بہترین ذریعہ ثابت ہو گا۔ یہ بات سمیڈ ا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہاشم رضا نے گلگت  بلتستان کے قصبہ پسو میں 4 روزہ تجارتی اور ثقافتی میلے کی افتتاحی تقریب کے بعد سمیڈا کے صدر دفتر سے بذریعہ زوم خطاب کے دوران کہی۔انہوں نے بتا یا کہ ایس ایم ای ایگزیبیشن میں ہنڈی کرافٹس، ہربل مصنوعات، فوڈ آئیٹمز،ہارٹیکلچر اور سیاحتی خدمات سے وابستہ ایس ایم ایز نے سٹال لگائے ہیں۔ ان میں مقامی اور غیر ملکی سیاح گہری دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ اور موقع پر سیلز بھی کامیابی سے جاری ہے۔ سمیڈا کے تحت ان مصنوعات کی جدید پیکیجنگ اور معیار کو بہتر بنانے کے سلسلے میں مذکورہ ایگزیبیشن کی بنیاد پر مستقبل کیلئے ایک موئثر لائحہ عمل تشکیل دیا جا سکے گا۔مذکورہ فیسٹول میں اس وقت سیاحت اور ایس ایم ایز کے شعبہ کے سٹیک ہولڈرز ہو ملک بیٹھ کر تبادلہ خیال کا بہترین موقع میسر آیا ہے۔جس سے مشارت کا ایک عمل شروع ہو گیا ہے۔ 

اور سمیڈا اس عمل کو آگے بڑھانے کیلئے پہلی بار منعقد کیے جانے والے اس میلے کو آئندہ ایک سالانہ فیسٹول کے طور پر بہتر انداز سے جاری رکھے گا اور کوشش کی جائے گی کہ اس سے مقامی ایس ایم ایز کی مصنوعات اور خدمات کے معیار اور اقسام میں زیادہ سے زیادہ اضافہ ہوتا چلا جائے۔ ہاشم رضا نے کہا کہ سیاحت کے شعبہ کو حالیہ ایس ایم ای پالیسی میں معاشی ترقی کے ترجیحی شعبوں میں شامل کیا جا چکا ہے جس کی وجہ سے اس شعبہ میں ایس ایم ایز کا فروغ ایس ایم ای پالیسی کے تحت تشکیل دیئے گئے۔ ایکشن پلان کا نمایاں حصہ ہے اور فیسٹول آف نارتھ کی طرز پر آنے والے دنوں میں فیسٹول آف سارتھ کی بھی تیاری کی جائے گی اور پورے ملک میں جہاں جہاں بھی سیاحتی مواقع میسر ہیں وہاں سیاحتی خدمات، انفرا سٹرکچر  اور مقامی مصنوعات کو بین الاقوامی معیار پر لانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ ملک کر کوششیں کی جائیں گی۔فیسٹول میں ایس ایم ایز کے سٹال کے علاوہ مقامی ثقافت کے فروغ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں مقامی خوراک کے سٹال، روائتی ثقافتی موسیقی، بون فائر اور کیمپنگ جیسی سرگرمیوں کو سیاحوں کی طرف سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن