سرینگر‘ جموں(این این آئی‘ کے پی آئی) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز لیگ نے ہندو غنڈوںکی طرف سے سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیف آرگنائزر ظہور شیخ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کی فسطائی بھارتی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتی ۔دریں اثناء جموں خطے کے ضلع ڈوڈہ میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے ہندو انتہا پسندتنظیموں کی مسلم دشمنی کا پردہ چاک کیا گیا ہے ۔ پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ آرایس ایس ، جن سنگھ اور دیگر ہند و انتہا پسند تنظیموں نے 1947 میں جموں، ادھمپور، کٹھوعہ ، سامبا اور دیگر علاقوں میں لاکھوں مسلمانوں کو قتل کیا ۔ پوسٹروں میں کہا گیا کہ بی جے پی مسلمانوں کے وجود کی دشمن ہے ۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اگلے ماہ جموں کشمیر کا دورہ کریں گے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی مقبوضہ کشمیر کے صدر رویندر رینا نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اگلے ماہ جموں کشمیر کا دورہ کرنے والے ہیں۔ دوسری جانب نئی دہلی کے تہاڑ جیل میں قید کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے شہدائے بیج بہاڑہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اقوام متحدہ پر زو دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لے۔ کشمیریوں کے قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائے۔ سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیرکا وجود قائم و دائم رکھنے اورکشمیریوں کو عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کیلئے ضروری ہے کہ وہ دشمن کی چالوں کو سمجھیں‘ مل جل کر ان کا مقابلہ کریں۔ سری نگر میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) او اس کے حمایتیوں کو شکست دینے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
محاصرے تکاشی کاروائیاں جاری ،مودی حکومت کیخلاف پوسٹرز چسپاں
Oct 22, 2022