ملتان(خبر نگارخصوصی)صوبہ پنجاب میں غذائی فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کے لئے زوننگ پر عملدرآمد ضروری ہے۔دور حاضر کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے جدید زرعی تحقیق کی اہمیت مسلمہ حقیقت ہے جس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا بالخصوص موسمیاتی تبدیلیاں ایک چیلنج ہیں جن سے نبردآزما ہونے کے لیے زرعی تحقیق کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں منعقدہ انٹرنیشنل ویٹ کانفرنس2022 میں خطا ب کے دوران کیا۔انھوں نے کہا کہ گندم ہماری اہم ترین فصل ہے۔بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ضروری ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ جدید ریسرچ کی روشنی کو کاشتکاروں کی دیلیز تک پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ امسال گندم بڑھاؤ مہم کے بہتر نتائج حاصل کرنے کیلئے کسانوں کو جدید طریقہ کاشت کی طرف راغب کرنا ہوگا۔ کانفرنس میں گندم کی پیداوار میں اضافے، فصل کو لگنے والی بیماریوں سمیت موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
موسمیاتی تبدیلیاں چیلنج،جدیدتحقیق کاشتکاروںتک پہنچائی جائے،وزیر زراعت
Oct 22, 2022