دکانداروں نے فٹ پاتھوں پر الیکٹرونک سامان رکھ دیا‘سڑک پر لنڈا بازار کے سٹال ‘پیدل چلنا بھی محال


ملتان( ظفر لون سے ) چوک گھنٹہ گھر، الیکٹرونکس مارکیٹ سے چوک حسین آگاہی کے فٹ پاتھوں سمیت مین سڑک اور  مین چوراہوں پر تجاوزات مافیا قابض، مدنی سینٹر کے قریب خود ساختہ موٹر سائیکل اور رکشہ اسٹینڈ بھی قائم ،قلعہ کی ریڑ سے چوک حسین آگاہی آنے والی مین سڑک پر لنڈا بازار کے دکانداروں نے سٹال لگا لیے  ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا اس ہولناک صورتحال کو ٹریفک وارڈن کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام، میٹرو پولیٹن کارپوریشن تجاویزات مافیا کے خلاف کارروائی کے بجائے کچھ لو اور دو کی پالیسی کے تحت خاموش، ٹریفک پولیس افسران سے بھی اس ناگفتہ بہ صورتحال پر قابو پانے کے لئے تاجر عہدیداران کے متعدد بار کیے گئے مزاکرات پر کوئی ٹھوس اقدامات نہ اٹھائے جا سکے ، خریداری کے لیے آئی ہوئی فیملیز کے لیے زیادہ رش کے باعث پاوں رکھنا انتہائی دشوار ہو گیا جبکہ حسین آگاہی چوک پر واقع گورنمنٹ اقبال گرلز ہائی سکول کی چھٹی کے دوران طالبات کا گزرنا محال ہوگیا، انتظامیہ بھی تجاویزات مافیا کو نکیل ڈالنے کے بجائے مافیا کی پشت پناہی کرنے والے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے سامنے بے بس، حسین آگاہی کے تاجر عہدیداران نے شنوائی نہ ہونے پر متعلقہ زمہ داران محکموں کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا باہمی مشاورت کے بعد باضابط اعلان کیا جائے گا معلوم ہوا ہے کہ چوک گھنٹہ گھر سے چوک حسین آگاہی تک مین سڑک کے دونوں اطراف فٹ پاتھوں پر الیکٹرونکس کا سامان رکھ کر شہریوں کا پیدل چلنا دشوار کر دیا گیا ہے  اسی طرح چوک حسین آگاہی پر خود ساختہ رکشہ اور موثر سائیکل اسٹینڈ قائم کر لیا گیا ہے اور اس مافیا کا سرغنہ ان غیر قانونی موٹر سائیکل اور رکشہ اسٹینڈ سے روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں اکٹھے کر کے پشت پناہی کرنے والے مافیا کو ایک مخصوص حصہ طے شدہ پروگرام کے تحت پہنچا رہا ہے اور اسی طرح تجاویزات مافیا سڑکوں پر سٹال لگا کر کارپوریشن انفورسمنٹ کے عملہ کو ماہانہ منتھلی دے کر اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہے شہری حلقوں نے بھی ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں

ای پیپر دی نیشن