پی ڈی ایم سربراہی اجلاس : دوسروں کو چور کہنے والا جکڑا گیا، تخریب کاری نہیں چلے  گی فضل الرحمن


اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایک بہروپئے کی حقیقت عوام کے سامنے آچکی ہے۔ بدتہذیبی کا ماسٹر مائنڈ اپنے انجام کو پہنچ گیا، اب یہ ثابت ہو گیا نہ وہ صادق تھا نہ ہی امین بلکہ سب سے بڑا بین الاقوامی چور ثابت ہوا۔ اسلام آباد میں پی ڈی ایم قیادت کا اہم سربراہی اجلاس ہوا، اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحما ن نے کہا کہ آج مبارک باد کا دن ہے۔ عمران خان پاکستانی سیاست کا غیر ضروری عنصر ہے۔ عمران خان کو بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ نے پاکستانی سیاست میں فیڈ کیا، اس کی امانت، دیانت اور صداقت کا یہ عالم ہے کہ کسی ایک بات پر کھڑا نہیں رہ سکتا۔ان کا کہنا تھا اس کی صداقت کا یہ عالم ہے کہ دوسروں کو چور کہتا ہے لیکن اس نے تو پوری دنیا کو لوٹا ہے۔ امریکا، اسرائیل اور بھارت سے پیسہ لیکر لوٹا ہے، کیا اس کے لیے کوئی قانون نہیں ہے؟ آج وہ جکڑا گیا ہے اسی کو آگے لیکر جائیں گے اور پاکستان اس قسم کے عناصر سے نجات پائے گا۔ فضل الرحمان کا کہنا تھا جو لوگ ایسے آدمی کی پشست پناہی میں ملک کے اندر تخریب کاری کی طرف جانا چاہتے ہیں تو انہیں بتا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں تخریب کاری نہیں چلے گی اور عوام ایسے لوگوں کو کچل کر رکھ دیں گے۔ پاکستان کو ایک بہروپیے سے واسطہ پڑا ہے جو مختلف رنگ بدل بدل کر اس قوم کو دھوکا دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن آف پاکستان نے فارن فنڈنگ کیس میں بہت پہلے ان کی چوری کو طشت از بام کر دیا تھا اور اب توشہ خانہ کیس میں یہ ثابت ہو گیا ،آج صورتحال پوری قوم کے سامنے واضح ہو گئی ہے اور فتنے سے نجات مل چکی ہے۔ حقائق قوم کے سامنے آچکے ہیں اور مزید حقائق بھی قوم کے سامنے آئیں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ عمران خان کی حکومت نے ملک کو دلدل میں دھکیلا تھا ہم نے پچھلے 6ماہ میں مشکل کا مقابلہ کیا ہے اور معاشی طور پر  تباہ حال پاکستان کو وہاں سے واپس لائے ہیں جہاں وہ پہنچ چکا تھا ، عمران خان نے ملک کو دیوالیہ کرنے کی کوشش کی تھی تاہم ملکی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے اسحاق ڈار دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کی جائے انہوں نے کہا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے اور حکومت معاشی  اہداف آنے والے دنوں میں پورا کرے گی، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ سے نمٹنا وزارت داخلہ کاکام ہے۔ وزیر داخلہ تیار بیٹھے ہیں حکیم ثنا ء اللہ نے اپنے نسخے تیار کر رکھے ہیں اور یہ کار آمد نسخے ہیں۔ ایک اور سوال پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ اچھی علامت ہے کہ جو بائیڈن نے پاکستان کے خلاف بیان دیا وہ پاکستان کی ایٹمی قوت کو ختم کرنا چاہتا ہے۔ عمران خان بھی یہی چاہتا ہے دونوں کا مقصد ایک ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج حکومت سمیت تمام مکاتب فکر نے امریکی صدر کے بیان پر ایک ہی موقف اپنا یا جو اچھی بات ہے یہی بیان سعودی عرب نے بھی دیا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان نئے معاشی اتحاد کے حوالے سے جلد چین کا دورہ کر رہے ہیں۔ قبل ازیں  مولانا فضل الرحمنٰ کی زیرصدارت  پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف‘ نواز شریف‘ مریم نواز  ویڈیو لنک پر  جبکہ اجلاس میں اختر مینگل‘ طاہر بزنجو‘ میر کبیر شاہی‘ ہاشم بابر‘ سینیٹر شفیق ترین‘ بی این پی مینگل کے آغا حسن بلوچ نے شرکت کی۔ عمران خان کی نااہلی سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔ لانگ مارچ روکنے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور عوام کو ریلیف دینے سے متعلق غور کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...