لاہور ( خصوصی نامہ نگار )جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری نے عمران خان کی نااہلی پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ فیصلہ انصاف کے عین تقاضوں کے مطابق ہے اوراس فیصلے کو بہت پہلے آنا چائیے تھا۔ ہم اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ،اور فیصلہ دیر آید درست آید کے مصداق ہے۔ اس حوالے سے مزید بھی پیشرفت ہونی چائیے ۔ دریں اثناءجے یوآئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ الیکشن کمشن نے تمام تر دھمکیوں کے باوجود فیصلہ کرکے ثابت کیا ہے کہ قانون سب سے بالا ہے اور کوئی قانون سے بالا تر نہیںہے۔ 5 سال کیلئے کپتان خان توشہ خانہ ریفرنس کے فیصلہ پر بنی گالہ میں بیٹھ جائیں۔ ”صداقت وامانت“ کا دعوی اس فیصلے سے پاش پاش ہوگیا ہے۔علاوہ ازیں عمران خان نااہل ہونے پر ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمشن کے فیصلے نے ثابت کیا کہ قانون سپریم ہے اور یہاں فیصلے لاڈلے کو نہیں لاءکو دیکھ کر کئے جاتے ہیں۔ الیکشن کمشن نے تاریخی فیصلہ دے کر خراج تحسین کے مستحق قرار پایا ہے اورچیف کمشنر نے گالم گلوچ سے بے پرواہ اور دباو سے بالاتر ہوکر فیصلہ کیا۔ فیصلے سے ثابت ہوا کہ عمران جھوٹا بھی ہے۔ اب عمران نیازی صادق اور امین نہیں رہا۔ عمران خان پارٹی چیئرمین شپ کیلئے بھی نااہل ہوگئے۔ اب پارٹی چیئرمین شپ سے مستعفی ہوں۔ پی ٹی آئی کیلئے عمران خان ریڈ لائن اور جنون ہے۔ پی ڈی ایم اور قوم کیلئے ریڈلائن آئین اور قانون ہے۔