لاہور (نیوزرپورٹر)وزیر بلدیات پنجاب میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ عمران خان سے متعلق متنازعہ الیکشن کمشن کا فیصلہ انتہائی جانبدارانہ اور تعصب پر مبنی ہے جس سے دنیا بھر میں پاکستان کی ساکھ مجروح ہوئی ہے ۔ لگتا ہے کہ فیصلہ الیکشن کمشن نے پی ڈی ایم کی خواہشات کے مطابق دیا ہے۔وہ آج سابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے ہمراہ 90- شاہراہ قائد اعظم لاہور پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے خلاف ملک کی ہر گلی،چوک اور محلے میں احتجاج ہو رہا ہے اور یہ احتجاج بڑھتا جائے گا۔ میاں محمود الرشید نے مریم نواز کے عمران خان کو گرفتار کرنے کے مطالبے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مریم کو شرم آنی چاہیے کہ وہ خود ایک سزا یافتہ، جھوٹی اور کرپٹ خاتون ہیں جبکہ عمران خان کو سپریم کورٹ نے ایماندار قرار دے رکھا ہے۔ عمران خان کی مقبولیت کے بارے میں پی ڈی ایم کے سارے اندازے غلط ثابت ہوئے ہیں بلکہ حالیہ ضمنی انتخابات نے تو عمران خان کی مقبولیت پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ جب یہ لوگ عمران خان کا مقابلہ سیاسی میدان میں نہیں کر سکے تو ٹیکنیکل بنیاد کا سہارا لے رہے ہیں لیکن ان کا پی ٹی آئی میں مائنس ون کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔ پیپلز پارٹی نے کراچی والی نشستیں دھاندلی سے حاصل کی ہیں۔ عمران خان کروڑوں نوجوانوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔ ہم اس فیصلے کے خلاف قانونی جنگ بھی لڑیں گے اور احتجاج بھی جاری رکھیں گے۔
الیکشن کمشن کا فیصلہ تعصب پر مبنی،دنیا میںپاکستان کی ساکھ مجروح ہوئی :محمودالرشید
Oct 22, 2022