اسلام آباد (نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں "پولیٹیکل میپ آف پاکستان" پر منعقدہ آگاہی سیمینار کے مقررین نے نئی نسل کو پاکستان کے نئے نقشے میں شامل علاقوں سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔مقررین نے کہا کہ یہ نقشہ پاکستانی قوم کی امنگوں کا ترجمان ہے جو پاکستان کے موقف کی وضاحت بھی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ نقشہ ہماری اس منزل اور خواب کی عکاسی کرتا ہے جو ان کے بزرگوں نے دیکھا تھا۔مقررین میں قائداعظم یونیورسٹی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ کے علاوہ جوناگڑھ کے نمائندے بھی شریک تھے۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز، رانا طارق جاوید نے میزبانی کے فرائض انجام دئیے۔بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر سید اکمل حسین شاہ نے سامعین کو پاکستان کے سیاسی نقشے کی اہمیت پر لیکچر دیا، ڈاکٹر فاروق ڈار اور ڈاکٹر کشور سلطانہ نے بھی سیاسی نقشے کی اہمیت اور شامل کئے گئے نئے علاقوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ بننا چاہئیے اور یہ نقشہ اس بارے میں پہلا بڑا قدم ہے۔