سہراب گوٹھ موبائل مارکیٹ میں شارٹ سرکٹ سے آتشزدگی

Oct 22, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی میں سہراب گوٹھ کے قریب موبائل مارکیٹ میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے سے متعدد دکانیں جل گئیں، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔فائر بریگیڈ کے مطابق سپر ہائی وے، سہراب گوٹھ کے قریب موبائل مارکیٹ میں 1 دکان میں شروع ہونے والی آگ 4 ،5 دکانوں تک پھیل گئی۔آگ کی شدت کے سبب عمارت میں دھواں پھیل گیا جبکہ اس کی اوپری منزل پر رہائشی فلیٹس بھی موجود تھے۔فلیٹ کے رہائشیوں کو دھوئیں کے باعث شدید مشکلات درپیش آئیں تاہم اس موقع پر فائر بریگیڈ کے 2 فائر ٹینڈر بھی پہنچ گئے جنہوں نے کچھ دیر بعد آگ پر قابو پالیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ سے لگی ہے اور اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
تعلیمی اداروں میں طلبہ یونینز کو بحال کیا جائے، محفوظ النبی خان 
کراچی ( نیوز رپورٹر)ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں طلبہ یونینز کو فوری بحال کیا جانا چاہئے۔ سرگودھا یونیورسٹی میں طلبا سے سابق وزیراعظم عمران خان کے خطاب کی مبادیات کا تقاضہ ہے کہ طلبہ یونینز کے قیام کا عمل پی ٹی آئی کے زیر انتظام صوبہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان سے شروع کیا جائے ان تاثرات کا اظہار معروف سیاسی و سماجی رہنما محفوظ النبی خان نے اشفاق لودھی، سید عبد الباسط، بابر علی شیخ اور یاسین مہران والا ایڈوکیٹ سے ملاقات کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی تقریر میں جامعات کو جمہوریت کی نرسری قرار دیا ہے جو طلبہ یونینوں کی تشکیل کے بغیر نا مکمل ہے بد قسمتی سے ملک میں 1984 کے آمرانہ دور میں طلبہ یونینز پر عائد پابندی مسلسل جاری ہے اور اس دوران جمہوریت کی دعویدار سول حکومتیں پابندی ختم کرنے میں تاحال ناکام ہیں جبکہ پی پی کے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے پابندی اٹھانے کا باقاعدہ اعلان بھی کردیا تھا لیکن اس پر عمل درآمد نہ ہو سکا اسی طرح پارٹی کے سربراہ کی حیثیت سے موجودہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی طلبہ یونینوں کی بحالی کی کوشش کی ہے لیکن عملا ایسا کچھ نظر نہیں آرہا ہے انہوں نے کہا کہ طلبہ یونینز ہی صحیح معنوں میں مقامی حکومتوں سے زیادہ جمہوریت کی درسگاہیں ہوتی ہے جہاں بے لوث اور تعلیم یافتہ نوجوان پر مشتمل قیادت تربیت پاتی ہے گزشتہ عشروں میں ان با شعور اداروں کی عدم موجودگی سے قیادت کا فقدان پیدا ہوا ہے۔
محفوظ النبی خان 

مزیدخبریں