بیجنگ(شِنہوا) چینی یونیورسٹی کی ایک تحقیقی ٹیم نے ایک اورنیتھوپٹر کی طویل ترین پرواز کا گینز ریکارڈ قائم کیا ہے، اورنیتھوپٹر ایک بغیر پائلٹ کے ہوائی جہاز ہے جو اپنے مکینیکل پروں کی مدد سے اڑتا ہے۔بیجنگ یونیورسٹی آف ایروناٹکس اینڈ ایسٹروناٹکس کے محققین اور طالب علموں کی طرف سے بنائی گئی پرندوں جیسی مشین 1 گھنٹہ 30 منٹ اور 4.98 سیکنڈ تک مسلسل پرواز کرتی رہی۔ گزشتہ روزجاری کی گئی ایک ویڈیو میں 21 جولائی کو بیجنگ کے ایک کھلے میدان میں ریکارڈ قائم کرنے والی پرواز (سنگل چارج) کو دکھایا گیا ہے۔ یونیورسٹی نے ایک پریس ریلیز میں گنیز ورلڈ ریکارڈ کے سرٹیفکیٹ کو بھی پیش کیا ہے۔ لیتھیم آئن بیٹری سے چلنے والے فلیپر ڈرون کا وزن 1.6 کلوگرام ہے، اس کے پروں کا پھیلا 2 میٹر اور یہ 10 میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے اڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔