کراچی (نیوز رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں سابق رکن قومی اسمبلی کنور خالد کی نظر بندی کیخلاف درخواست کی سماعت کے دوران کنور خالد یونس نے ایم کیو ایم لندن سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔جمعہ کوسندھ ہائیکورٹ نے سابق رکن قومی اسمبلی کنور خالد کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر محکمہ داخلہ سندھ اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔ ایم کیو ایم لندن نے مارچ میں انہیں ڈپٹی کنوینر مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ حکومت سندھ نے اپریل میں نظر بندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔شوکت حیات ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ درخواست گزار نے پولیس اور رینجرز حکام کے روبرو پیش ہوکر بتایا کہ سیاسی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں، تاہم حکام نے نظر بندی کا نوٹیفکیشن واپس نہیں لیا۔درخواست گزار کنور خالد یونس نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ لندن سمیت کسی سیاسی جماعت کی سرگرمی میں ملوث نہیں۔ عمر 78 سال ہوچکی ہے، متعدد امراض کا شکار ہوں۔ایڈووکیٹ شوکت حیات نے کہا کہ میرا موکل متحدہ قومی موومنٹ لندن سمیت کسی سیاسی جماعت کی سرگرمی میں ملوث نہیں، اس لیے نظربندی کا حکم غیر قانونی قرار دیا جائے جس پر عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔