لاہور+گجرات (نیوز رپورٹر+خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وفاق سے پرائیویٹ سیکٹر نہیں بلکہ گورنمنٹ آف پنجاب نے عوام کیلئے گندم امپورٹ کرنے کی اجازت مانگی جو شہبازشریف نے نہیں دی۔گجرات میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص خود کو وزیراعظم کہہ رہا ہے اسے سمجھ بوجھ ہونی چاہیئے۔پہلے شہباز شریف میرا بیان پڑھیں اور پھر جواب دیں۔ شہباز شریف کوچاہیئے کہ پہلے تولیں پھر بولیں۔ پنجاب حکومت نے وفاق سے گندم امپورٹ کرنے کی اجازت مانگی اور شہباز شریف نے نہیں دی۔ وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کی بھی کوئی مدد نہیں کی۔وفاقی حکومت نے ہمیں گندم امپورٹ کرنے کی اجازت دے۔ وفاقی حکومت نے دیگر صوبوں کو گندم دی، پنجاب کو نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ ایشو سپریم کورٹ لے کر جائیں گے۔ احساس پروگرام فلاح عامہ کا بہترین اور عمران خان کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔ احساس پروگرام کے تحت 80لاکھ خاندانو ں کو 40 فیصد رعایت پر اشیائے ضروریہ دے رہے ہیں اور پنجاب احساس راشن پروگرام ٹارگٹڈ سبسڈی کی بہترین مثال ہے۔ پنجاب حکومت نے اس پروگرام کیلئے اربوں روپے دیئے ہیں۔ مستحق خاندانوں کے ان کے بنک اکاؤنٹ میں رقم جمع کرائی جا رہی ہے۔احساس پروگرام کے تحت رجسٹر ہونے والے کریانہ سٹورز کو 10 فیصد کمیشن دیا جا رہا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے جی ٹی روڈ سماں تا گجرات ڈنگہ دورویہ سڑک اورفلائی اوور کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے اولڈ جی ٹی روڈ گجرات تا لکھن والا دو رویہ سڑک کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ سماں تا گجرات ڈنگہ دو رویہ سڑک اورفلائی اوور کا منصوبہ 2ارب 83کروڑ روپے سے مکمل جائے گا۔ اولڈ جی ٹی روڈ گجرات تا لکھن والا 29کلو میٹر دو رویہ سڑک کے منصوبے پر 9ارب 11کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ4مرحلوں میں اس سڑک کو مکمل کیا جائے گا۔ محرومیوں سے ترقی کا یہ سفر اب کبھی نہیں روک سکتا۔ سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، ایم این اے حسین الٰہی، ایم پی اے عبداللہ یوسف وڑائچ، کمشنر گجرات ڈویژن، آر پی او اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔چودھری پرویزالٰہی نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ ہم ہر لمحہ اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ ہیں اورعمران خان کو نااہل قراردینے کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں۔ الیکشن کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سب سے مقبول لیڈر کو نااہل کرنا قوم کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ہم اپنے لیڈر کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے قوم عمران خان کو نااہل قرار دینے کے کسی فیصلے کو قبول نہیں کرے گی۔یہ انصاف کا قتل عام ہوا۔کپتان سرخرو ہے اور سرخرو رہے گا۔ کپتان کل بھی صادق و امین تھا اور آج بھی ہے۔الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین و قانون سے مذاق ہے۔ٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ اور پی ٹی آئی کے رہنما جمشید اقبال چیمہ نے ملاقات کی۔ پرنسپل سیکرٹری خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے مسرت جمشید چیمہ کو نئی ذمہ داریوں کا نوٹیفکیشن دیا اور نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے مسرت جمشید چیمہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے فلاح عامہ کے حکومتی اقدامات کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مختصر مدت میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے پائیدار اقدامات کئے ہیں۔ سیلاب متاثرین کے لئے اربوں کا پیکج دیا۔ اشٹام ڈیوٹی کی شرح میں 100 فیصد کمی کرکے ایک فیصد کر دیا ہے۔ 100 ارب روپے سے پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ 80لاکھ خاندانوں کو آٹا،گھی، آئل اور دالیں مارکیٹ سے 40 فیصد سستی دے رہے ہیں۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے عوامی خدمت کے سفر کو نئی جہت دی ہے۔