معلوم تھا یہی فیصلہ آئے گا ، کارکن احتجاج ختم کر کے لانگ مارچ پر توجہ دیں ، عمران 


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی رہنما حامد زمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمشن کے فیصلے کے خلاف عدالت میں جائیں گے شروع سے ان کی کوشش تھی کہ عمران خان کو نکال دیاجائے۔ میرے جلسے دیکھے یہ ایک ایک الیکشن لڑے لیکن ہار گئے، قوم ان کو اب ووٹ نہیں دیتی، چیف الیکشن کمشنر اس سازش کا حصہ ہے یہ مافیا کا حصہ ہے۔ عمران خان نے کہا کہ یہ وفاقی پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پہلے مشرقی پاکستان میں بڑی پارٹی کے خلاف کارروائی ہوئی۔ ملک ٹوٹ گیا، مجھے کل ہی پتہ چل گیا تھا کہ میرے خلاف فیصلہ آئے گا، میں نے وٹس ایپ سے ساتھیو ں کو آگاہ کر دیا تھا۔ نااہل کر کے مجھے نواز شریف سے ملانا چاہتے ہیں کہ دونوں نااہل ہیں، مجھے اس سے ملانا چاہتے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ میں احتجاج کرنے والوں سے کہتا ہوں کہ وہ احتجاج ختم کرکے اب گھروں کو واپس چلے جائیں کیونکہ اس سے لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری اب جتنی زندگی ہے میں چوروں کا مقابلہ کروں گا۔ میری تحریک حقیقی آزادی تک ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ظلم کا مقابلہ کرنا جہاد ہے۔ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج کروں گا، میں لانگ مارچ کی کال دوں گا۔ ملک اس وقت فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے۔ توشہ خانہ کے تحائف ریکارڈ پر موجود ہیں۔ توشہ خانہ میں حکومت، وزیر، آرمی چیف کو تحائف ملتے ہیں اور قانون کے مطابق اس کی قیمت دے کر وہ تحفے لے سکتے ہیں۔ نواز شریف، آصف زرداری نے مہنگی گاڑیاں توشہ خانہ سے لے کر قانون توڑا، ہم نے قانون نہیں توڑا، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنر وہ آدمی ہے جو اڑہائی سال سے ہمارے خلاف فیصلے کرتے رہے۔ نواز شریف 30 سال سے ملک کی چوری کرتا رہا، اس کے پاس  ایک رسید نہ دکھائی لیکن اربوں کے فلیٹ لے کر بیٹھا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا مائنس عمران خان کا خواب انشاء اللہ کبھی نہیں پورا ہو گا۔ سینئر نائب صدر تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا عوام پورے ملک میں بغیر کسی کال کے باہر  نکل رہے ہیں۔ اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان پُراعتماد ہیں۔ سنیٹر شبلی فراز نے کہا سازشی سمجھتے تھے اپنی سازشوں کے ذریعے ہماری ہمت، ہمارے حوصلے توڑ ڈالیں گے۔ بتایا تھا جتنا دبائو گے‘ اتنی ہی شدت سے تمہارا مقابلہ کریں گے۔ شیریں مزاری نے کہا کہ حسب توقع الیکشن کمشن نے سازش کرنے والوں کے کہنے پر عمران خان کو نااہل قرار دینے کیلئے دھوکہ دہی کی۔ ہمیں اس فیصلے کی توقع تھی۔ حماد اظہر نے کہا کہ صرف تحریک انصاف ہی نہیں‘ پوری عوام کی توہین کی گئی۔ باہر نکلیں‘ سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ عمران خان ایک ایماندار‘ صادق اور امین انسان کا نام ہے کروڑوں کے دل پر راج کرنے والے کو آج بددیانتی سے نااہل قرار دیا گیا۔ افتخار درانی نے کہا کہ الیکشن کمشنر نے اپنے دائرہ کار کو غیرآئینی طور پر استعمال کر کے یہ فیصلہ دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیشہ اندیشہ تھا کہ اس قسم کا ہی فیصلہ آسکتا ہے۔ الیکشن کمشن کو یہ اختیار ہی نہیں جو انہوں نے آج استعمال کیا۔ پارٹی عمران خان کی ہے، عمران خان کی ہی رہے گی۔ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن کے فیصلے سے عمران خان مزید مقبول ہونگے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے شیخ رشید نے ون آن ون ملاقات کی۔ الیکشن کیس کے فیصلے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا۔ شیخ رشید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا فیصلہ سوچی سمجھی سازش کے تحت دیا گیا ہے۔ یہ (ن) لیگ اور پی ڈی ایم کی خواہش پر فیصلہ کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن