لاہور ( اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ اگر جے شاہ ایسا بیان دینا چاہتے تھے تو انہیں کم از کم پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ سے رابطہ کرنا چاہیے تھا۔ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ کا ایشیا کپ کیلئے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ جانے کے بیان پر ردعمل آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ وسیم اکرم نے کہا کہ جے شاہ کا بیان منصفانہ نہیں ہے، بھارت پاکستان کو کرکٹ کھیلنے سے متعلق ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا۔
10،15 سال سے پاکستان میں زیادہ کرکٹ نہیں ہوئی لیکن اب ٹیموں نے بالآخر پاکستان آنا شروع کر دیا ہے۔ میں سابق کرکٹر اور کھلاڑی ہوں، مجھے نہیں معلوم کہ سیاسی محاذ پر کیا ہو رہا ہے لیکن لوگوں کے درمیان رابطہ بہت ضروری ہے۔ جے شاہ اگر کچھ ایسا کہنا چاہتے تھے تو انہیں کم از کم پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے بات کرنی چاہیے تھی اور ایشین کونسل کا اجلاس بلانا چاہیے تھا۔ جے شاہ اجلاس میں اپنا موقف بتا سکتے تھے جس پر بحث ہوسکتی تھی، آپ صرف کھڑے ہو کر ایسے ہی یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہم پاکستان نہیں جائیں گے۔ایشیا کپ کی میزبانی کے حقوق پاکستان کو دیئے گئے اور یہ حقوق پوری کونسل نے دیئے ۔
پاکستان کو کرکٹ کھیلنے سے متعلق ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا:وسیم اکرم
Oct 22, 2022