کراچی(کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گرو پ(یو بی جی) اورکورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ،سابق صدرایف پی سی سی آئی ایس ایم منیراور اپٹما کے سابق چیئرمین ایس ایم تنویر کی جانب سے انکی رہائشگاہ پرگورنر پنجاب محمدبلیغ الرحمان کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا ۔تقریب کے مہمان اعزازی سرپرست اعلیٰ اپٹما ڈاکٹر گوہراعجاز ہونگے۔ایس ایم منیر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ گورنر پنجاب محمدبلیغ الرحمان دردمند دل رکھنے والی شخصیت ہیں اور وہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرانے کیلئے کوششیں کرررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ابھی تک سیلاب کے خوفناک اثرات برقرار ہیں،سیلاب نے گندم،کپاس اور دیگر اہم فصلیں ختم کرکے رکھ دی ہیں،سیلاب زدگان کی امدادکیلئے پاکستان آرمی کی جانب سے کی جانے والی کوششوں پر آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور پاکستان افواج کے تمام جوانوں اور افسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہماری پاک فوج نے ملک کو سنبھالا ہوا ہے لیکن بعض دشمن عناصر سوشل میڈیا پر پاک فوج کیخلاف منفی پروپیگنڈے میں مصروف ہیں ایسے دشمن عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جانی چاہیئے۔یو بی جی کے مرکزی ترجمان گلزارفیروز کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایس ایم منیر نے کہاکہ پاکستان میں آنے والا بدترین سیلاب سواتین کروڑ سے بھی زائد افراد کو متاثر کرگیا ہے اور بیشتر لوگ بے گھر ہوچکے ہیں،سیلاب زدگان کی امداد کیلئے فوج سب سے زیادہ متحرک ہے اور ان حالات میں پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد آرمی کے خلاف بات پروپگنڈے کرکے ملک کو مزید مشکلات سے دوچار کرنا چاہتے ہیں اور حکومت کو ان عناصر کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے نمائندگان سے مشاورت کے ذریعہ پالیسیاں مرتب کرے اس کے علاوہ ہمارے سیاستدان اپنی لڑائیاں ختم کرکے ملک کی بہتری اور معاشی بحالی کیلئے کام کریں اور ایک دوسرے کو چور کہنا بند کریں،دنیا میں اس طرح کی باتوں سے ہماری عزت نہیں بلکہ بدنامی ہوگی،یہملک کی معیشت کو مضبوط بنانے کا وقت ہے اس لئے سیاستدان آپس میں لڑنے کی بجائے مل جل کر ملک کی بچی کھچی عزت کو بچائیں ۔
گورنر پنجاب اور ڈاکٹر گوہراعجاز کے اعزاز میں ایس ایم منیرکا عشائیہ آج ہوگا
Oct 22, 2022