لاہور(سپورٹس رپورٹر) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کل بروز اتوار بھارت کیخلاف بڑے میچ سے قبل پاکستان ٹیم کی تیاریاں شروع ہوگئیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے میلبورن میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا جو کہ 3 گھنٹے جاری رہا ۔ نیٹ سیشن کے دوران کپتان بابر اعظم نے ٹیم مینٹور میتھیو ہیڈن سے مشورے بھی کیے۔ بابر اعظم اور محمد رضوان نے پیئر کی صورت میں بیٹنگ پریکٹس کی ، دونوں بیٹرز نے پہلے فاسٹ باﺅلرز اور پھر سپنرز کے سامنے پریکٹس کی۔نیٹ سیشن میں پاکستانی فاسٹ باﺅلرز بھی بھرپور جوش دکھا دیئے ، حارث رف، شاہین شاہ اور نسیم شاہ کی باﺅلنگ سے ساتھی کرکٹرز بھی پریشان دکھائی دیئے ۔میلبورن میں موسم ابر آلود رہا اور وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔نائب کپتان شاداب خان نے کہا کہ بھارت کےخلاف میچ ہمیشہ پریشر والا ہوتا ہے، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، میچ میں اپنی صلاحیتوں کا سو فیصد کرتے ہیں تاکہ نیند آسکے۔بھارت کیخلاف میچز جیتنے لگ گئے ہیں، ورلڈ کپ کا پہلا میچ ٹورنامنٹ میں ٹون سیٹ کرتا ہے۔ امید ہے بھارت کیخلاف جیسا حالیہ دنوں میں کھیلتے آرہے ہیں ویسا ہی کھیلیں گے، پہلے میچ کیلئے ہر کوئی پرجوش ہے، بڑا میچ جیت کر ٹیم کو اعتماد ملتا ہے۔ ٹیم نے حالیہ دنوں میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے جس سے مورال بلند ہے، جب آپ بطور ٹیم اچھا کھیل رہے ہوتے ہیں تو مورال بلند ہوتا ہے۔ بطور آل راو¿نڈر کھیل کے تینوں شعبوں کو انجوائے کرتا ہوں، ٹی ٹونٹی میں ہر نمبر پر بیٹنگ کیلئے تیار رہنا چاہیے، جہاں ٹیم کو ضرورت ہوتی ہے وہاں کھیلتا ہوں۔اچھی ٹیم کو چیمپئن بننے کیلئے پریشر صورتحال میں غلطیوں پر قابو پانا ہوگا، مجھ سے ایشیا کپ فائنل میں کیچ ڈراپ ہوئے تھے جو نہیں ہونا چاہیے تھا۔