کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) اور نوکیا نے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے ہیں، جس کے تحت دونوں ادارے ملک بھر میں صنعتوں، حکومت، شہروں اور کاروباری اداروں کو جدت انگیز انفارمیشن کمیونی کیشن ٹیکنالوجیز فراہم کرنے کے لیے مواقع تلاش کریں گے۔ اس اشتراک کا مقصد انفارمیشن کمیونی کیشن ٹیکنالوجی مارکیٹ میں نئے مواقع تلاش کرنا ہے اور ملک بھر میں کاروباری اداروں کیلئے ڈیجیٹل نظام میں وسعت لانا ہے۔ اس سلسلے میں پی ٹی سی ایل اور نوکیا باہمی مشاورت سے خصوصی حکمت عملی پر کام کریں گے اور اس ضمن میں جامع مارکیٹ پلان تیار کیا جائے گا جس میں انڈسٹری کی ضروریات حل کرنے کے لئے نوکیا مصنوعات کے ساتھ پی ٹی سی ایل کی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور نوکیا کی جانب سے ڈیجیٹل آٹومیشن کلاو¿ڈ (ڈی اے سی)، بہترین کارکردگی، بلاتعطل نجی وائرلیس نیٹ ورکنگ اور ایج کمپیوٹنگ پلیٹ فارم سمیت جدید خدمات پیش کی جائیں گی۔ معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل اور یوفون کے گروپ چیف بزنس سلوشنز آفیسر، ضرار ہشام خان نے کہا، ”پی ٹی سی ایل ملک بھر میں انفارمیشن کمیونی کیشن ٹیکنالوجی سے متعلق خدمات فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے۔ پی ٹی سی ایل ملک بھر میں ڈیجیٹل تبدیلی کا عمل آگے بڑھانے کے لئے بنیادی کردار ادا کررہا ہے، یہ انفارمیشن کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اشتراک کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ اس کے نتیجے میں ہیلتھ کیئر، ایجوکیشن، آٹوموٹیو، ریٹیل، انرجی اینڈ یوٹیلیٹی، شہروں اور زراعت کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے دیگر صنعتی شعبوں میں بڑی تبدیلی آئے گی اور جغرافیائی طور پر تمام خطے جدید آئی سی ٹی ٹیکنالوجیز اور بہتر مستقبل کے حصول کی قابلیت حاصل کر سکیں گے۔ "نوکیا میں کسٹمر ٹیم فار پی ٹی سی ایل گروپ کے سربراہ، عمران درانی نے کہا، ”نوکیا نے دنیا بھر میں ٹرانسپورٹ، توانائی،بڑے کاروباری اداروں، مینوفیکچرنگ، ویب اسکیل اور سرکاری شعبوں کے 2200 سے زائد صف اول کے صارف اداروں کیلئے مطلوبہ نیٹ ورکس کی تنصیب کی ہے۔ ہم دنیا بھر میں وسیع شعبوں کے 485 سے زائد بڑے نجی وائرلیس صارفین کو اپنی وسیع خدمات بھی پیش کرچکے ہیں۔ یہ اشتراک دونوں اداروں کے درمیان طویل المیعاد تعلق کو مزید مستحکم بنانے کا ایک اور ثبوت ہے۔ نوکیا کی طرف سے نوکیا ڈیجیٹل آٹومیشن کلاو¿ڈ (ڈی اے سی) سمیت صف اول کی نجی وائرلیس مصنوعات اور خدمات سے فائدہ اٹھایا جائے گا تاکہ پی ٹی سی ایل اپنے کاروباری اداروں کو کم لاگت میں بہترین ڈیجیٹل سہولیات پیش کرسکے۔“پی ٹی سی ایل اپنے صارفین کو پہلے سے بہتر معیار، تیزرفتار خدمات پیش کرنے کے لئے کوشاں ہے اور نیٹ ورک کا ایسا سادہ آرکیٹیکچر بنانے کیلئے سرگرم ہے جس سے اسکی انتظامی مہارت میں اضافے کا عمل جاری رہے۔
پی ٹی سی ایل
پی ٹی سی ایل اور نوکیا کے مابین معاہدہ
Oct 22, 2022