حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایم ایس آفس کے دروازے مریضوں اور غریب عوام پر بند کردیئے جانے پر عوام سرپا احتجاج بن گئے۔مریضوں کے لواحقین نے ایم ایس کیپٹن ر اسد اکرم کے ناروا رویہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال جیسے ادارے دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے بنائے گئے ہیں جہاں پر بسااوقات ایمرجنسی کی حالت میں ایم ایس سے ملنا بہت ہی ضروری ہوتا ہے لیکن ایم ایس نے اپنے آفس کو بیوروکریٹ آفس میں تبدیل کرکے اور وہاں پر گارڈ کو بٹھا کرمریضوں اور دکھی لوگوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ ان حلقوں نے صوبائی سیکریٹری ہیلتھ ، کمشنر گجرات اور دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ایم ایس آفس کے دروازے کھلوائے جائیں اور وہاںپر نافذ کرفیو کو فوری ختم کروایا جائے۔