پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپنے آئندہ لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان 28 اکتوبر بروز جمعہ کو کروں گا۔ چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ لوگوں کو ایک سازش کے تحت ہم پر مسلط کیا گیا ہے، جب سے یہ آئے ہیں انہوں نے میری پارٹی کو کرش کرنے کی کوشش کی۔اسلام آباد میں سینیٹر اعظم سواتی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کرنے والے کارکنوں پر ظم کیا گیا، کراچی میں جو دھاندلی کی وہ سب کے سامنے ہے، کبھی سیاسی لوگوں پر ایسا ظلم نہیں دیکھا۔عمران خان نے کہا کہ اعظم سواتی کے ساتھ ہر فورم پر جائیں گے، کون سا قانون اجازت دیتا ہے کہ ایک ٹوئٹ پر یوں تشدد کیا جائے، چاہتا ہوں چیف جسٹس ایف آئی اے کو بلائے اور پوچھے کس نے سواتی کو گرفتار کرکے ان کے حوالے کیا؟پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ایسے نا معلوم افراد ہیں جن کا نام لیتے ہوئے سب ڈرتے ہیں، یہ ملک کو فائدہ نہیں پہنچا رہے، یہ ملک کے دشمن ہیں۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ اللہ کا شکرادا کریں اللہ نے ہمیں ایک بہادر لیڈر دیا، نام نہاد جمہوری دور کے اندر سینیٹر کو ماورائے آئین گرفتار، تشدد کیا گیا، 17 سال سے سینیٹ کے اندر ہوں، آج اعظم سواتی نہیں ایک سینیٹر بول رہا ہے، وہ کون لوگ تھے جنہوں نے تشدد کیا، اللہ کا شکرہے سیسہ پلائی دیوارکی طرح عمران کے ساتھ کھڑے ہیں، دنیا کے تمام انصاف کے فورمزپراپنا معاملہ اٹھاؤں گا۔