ملک دو منٹ میں ٹھیک نہیں ہو سکتا، دس سے پندرہ سال لگیں گے: اسحاق ڈار

Oct 22, 2023

لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے معیشت درست کرنے کیلئے 10 سے 15سال کا وقت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک 2 منٹ میں ٹھیک نہیں ہو سکتا۔ سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ عوام نے نواز شریف کو موقع دیا تو عوام کو ریلیف دینے کا معاشی پلان بنا چکے ہیں۔ گزشتہ حکومت کے 16ماہ معاشی استحکام کیلئے نہیں تھے۔ ہماری 16ماہ کی حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے اقدامات اٹھائے جن سے پاکستان سری لنکا نہیں بنا۔ نواز شریف کے خلاف دونوں کیسز دھوکے بازی کا نتیجہ ہیں۔ پاناما کے ڈرامے میں آج تک کچھ ثابت نہ ہو سکا۔ نواز شریف اپنے خلاف کیسز میں قوم کے روبرو سرخرو ہوں گے۔ مریم نواز مقدمات سے بری ہو چکی ہیں۔ نواز شریف علاج کیلئے ملک سے باہر گئے تھے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ تمام تر سیاسی صورتحال جج ارشد ملک اور دیگر بیانات سے واضح ہو چکی ہے۔ نواز شریف پاکستان آمد کے بعد ملک سے باہر جانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ وہ یہاں رہنے آئے ہیں۔ اگر ضرورت پڑی تو بیرونِ ملک بھی جائیں گے۔ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عوام نے موقع دیا تو پھر پاکستان کو معاشی طاقت بنائیں گے۔ ایک بندے کو ملک پر مسلط کرنا تھا وہ کر دیا گیا، 24 ویں معیشت کو 47 ویں معیشت بنا کر ملک کا بیڑا غرق کیا گیا، معیشت کو ٹھیک ہونے میں وقت لگتا ہے، کوئی جادو کی چھڑی نہیں جو گھماتے ہی پوری معیشت ٹھیک ہو جاتی ہے۔ پچھلی حکومت ایک سو منزلہ عمارت میں آگ لگا گئی تھی، وہ آگ 98 ویں منزل تک پہنچ چکی تھی۔

مزیدخبریں