لاہور( کامرس رپورٹر)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے ہاتھ سے بنے ہوئے قالینوںکی صنعت سے وابستہ سٹیک ہولڈرز پر زور دیا ہے کہ موجودہ کاروباری ماڈلز کو عالمی مارکیٹ کے رجحان اور ضروریات کے مطابق تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کو عالمی مارکیٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے کاروباری حکمت عملی مرتب کرنا ہو گی جس کیلئے کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ہر طرح کی معاونت فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سے وابستہ نامور مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے اعجاز الرحمان کو حال ہی میں لاہور میںہونےوالی ہاتھ سے بنے قالینوں کی 39ویں عالمی نمائش کی کامیابی پر مبارکباد بھی پیش کی۔ اعجاز الرحمان نے کہا کہ ایک پیشگوئی کے مطابق آنے والے سالوں میں مختلف عالمی مارکیٹوں میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات کی برآمد کیلئے حالات انتہائی موافق ہوں گے جس کیلئے ہمیں پیشگی حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ چیئر پرسن سی ٹی آئی نے مینو فیکچررز اور برآمد کنند گان پر زور دیا کہ وہ روایتی طریقوں پر نظرثانی کریں اور عالمی رجحان کے پیش نظر ترقی کیلئے دوبارہ حکمت عملی مرتب کریں۔ دنیا میں ای کامرس کے بڑے پلیٹ فارمز سے بھی رابطے کر کے ہمیں اپنی مصنوعات کو فروخت کیلئے پیش کرنا چاہیے اور یقینی طو ر پر اس سے ہماری مصنوعات کو وسیع پیمانے پر خریدار میسر آ سکیں گے۔ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سے وابستہ نئی نسل عالمی رجحان کے مطابق کاروباری ماڈلز کو سٹڈی کریں اور اس حوالے سے سفارشات کی صورت میں رپورٹ پیش کریں جس میں کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ان کوبھرپور معاونت فراہم کرے گی۔