سرینگر‘ نئی دہلی(کے پی آئی ) مقبوضہ جموں وکشمیر میں سینئر حریت رہنماءاوراسلامی تنظیم آزادی جموں وکشمیر کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے بھارتی قابض فوجیوں کی طرف سے بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بڑھتی ہوئی ظالمانہ کارروائیوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے کشمیریوں کی زندگیاں جیران بنا دی ہیں۔کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں بھارت فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روک نہیں سکتا۔دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں ایک حریت کارکن کی جائیداد ضبط کر لی۔قابض حکام نے میڈیاکو بتایا ہے کہ فیروز گنائی کی اونتی پورہ کے علاقے نورپورہ میں واقع ایک کنال اور 15مرلہ کی باغات کی اراضی کو بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی ایک عدالت کے حکم پر ضبط کیا گیاہے۔جبکہ بھارت کی بدنام زمانہ تہا ڑ جیل میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے شہدائے بیج بہاڑہ کو ان کی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاسی ماہرین اور تجزیہ نگاروں نے فلسطین میں نہتے عوام کے خلاف اسرائیلی جار حیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری اور فلسطینی گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارت اور اسرائیل کے شیطانی گٹھ جوڑ کا شکار ہیں۔ بھارت کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو مضبوط کرنے کے لیے اسرائیلی ماڈل کی نقل کر رہا ہے جس میں ماورائے عدالت قتل، بلا جواز گرفتاریاں اور دیگر ہتھکنڈے شامل ہیں۔